حضرت حافظ الحدیث احیائے اسلام کی  تحریک

( محمد ظفر اقبال جلالی )
عالم اسلام کے ممتاز روحانی پیشوا حضرت حافظ الحدیث پیر سید محمد جلال الدین شاہ مشہدی صاحب آستانہ عالیہ مقدسہ بھکھی شریف ضلع منڈی بہاؤالدین کا شمار ان پاک طینت بندگان خدامیں ہوتا ہے جنہوں نے ساری زندگی بے غرضی، بے لوثی، علم و عمل، اخلاص و للہیت اور زہد و تقوی کے سائباں تلے گزاری۔ 1915کو صاحب کرامت بزرگ سید محمد عالم شاہ مشہدی کے ہا ں منڈی بہاؤالدین کے نواحی قصبہ بھکھی شریف میں پیداہوئے۔ سلسلہ نسب  36واسطوں سے نبی پاکؐسے جا ملتا ہے، آپ’’نجیب الطرفین‘‘ سید ہیں۔ آپ نے شیخ کامل پیر سید نور الحسن شاہ کیلانی کے حکم پریکم شوال المکرم 1941 ء میں اپنے قصبہ بھکھی شریف میں ایک دینی درسگاہ کی بنیاد رکھی جس کانام ’’مرکزی جامعہ محمدیہ نوریہ رضویہ‘‘ تجویز کیا گیا۔یہ صرف ایک جامعہ ہی کی بنیادنہیں تھی بلکہ نصف صدی سے زائد عرصے  پر محیط تاریخ نے ثابت کر دیا کہ یہ ملک کے طول و عرض اور بیرون ملک میں پھیلے ہوئے سینکڑوں مدارس اور مراکز کا سنگ بنیاد تھا۔آپ کا وصال مبارک 18نومبر 1985ء کوہوا ، سالانہ عرس مبارک حضرت شیخ الحدیث الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھکھی شریف کی زیر سرپرستی  ہر سال17،18نومبر کو بھکھی میں منعقد ہوتا ہے۔
حضرت حافظ الحدیث کی زندگی سیرت وکردار اور اتباع سنت نبوی کے لحاظ سے اپنے ہم عصروں میں ممتاز وبے مثال تھی۔اتباع سنت نبوی کا یہ عالم تھا کہ ساری زندگی ایسے حجام سے حلق نہیں کرایا جس نے کبھی کسی کی داڑھی مونڈی یا خلاف سنت کاٹی ہو،ساری زندگی کبھی کوئی کام خلاف سنت نہ کیا اور اپنے متعلقین کو بھی سنت نبوی کی پابندی کا حکم فرماتے تھے۔آپ  نے تحریک پاکستان میں بھر پور کردار اد اکیا،پاکستان میں چلنے والی دینی وملی تحریکوں،تحریک ختم نبوت ،تحریک نفاذ نظام مصطفی میں جاندار کردار اداکیا،آپ نے الحادی قوتوں اور فتنوں کا بڑی پامردی سے مقابلہ کیا،آپ سیاسی طور پر جمعیت علمائ￿  پاکستان (JUP)کے ساتھ منسلک رہے اور قائد ملت اسلامیہ مولاناامام شاہ احمد نورانی صدیقی کی قیادت پر بھر پور اعتماد کیا۔
آپکے بڑے صاحبزادے سجادہ نشین اول،استاذ العلماء ،قیوم زماں،حضرت علامہ پیر سید محمد مظہر قیوم شاہ مشہدی  حضرت ثانی صاحب نے آپ قدس سرہ کے وصال کے بعد بڑی جانفشانی اور ذمہ داری کے ساتھ آپ کے مشن کو جاری رکھا۔ حضرت ثانی صاحب  نے تحریک ختم نبوت،تحریک نظام مصطفی،سول نافرمانی میں اہم کردار ادا کیا اور تحریک نظام مصطفی کے دوران تین ماہ تک قید وبند کی صعوبتیں برداشت کیں۔آپ نے دینی ،ملی ،مذہبی اور روحانی خدمات سرانجام دیں۔
درگاہ مقدسہ بھکھی شریف کے کے موجودہ  سجادہ نشین، جانشین حضرت حافظ الحدیث،جگر گوشہ قیوم زماں،شیخ الحدیث حضرت الحاج مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی کی زیر سرپرستی میں آج بھی علوم ومعارف کا نور تقسیم ہورہاہے اور خلق خدا آپ کے چشمہ صافی سے فیض یاب ہورہی ہے۔۰جماعت جلالیہ پاکستان۰ماہنامہ جلالیہ بھکھی شریف ۰حافظ الحدیث پبلک لائبریریاں ۰جلالیہ ویلفیئرآرگنائزیشن ۰جلالیہ ایمبولینس ۰جلالیہ سسٹم آف سکولز۰جلالیہ سسٹم آف مدارس ٭حافظ الحدیث فری میڈیکل سنٹر جیسے ادارے اور منصوبہ جات بڑی خوش اسلوبی سے جاری وساری ہیں اور معاشرے کے تمام طبقات وافرادآپ کی دوراندیش فکر،وسیع تر پروگرام سے مستفیض ہورہے ہیں۔سجادہ نشین صاحب درگاہ مقدسہ کے تمام امور کی دیکھ بھال کررہے ہیں،اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت حافظ الحدیث کے مشن کو جاری رکھنے کی توفیق عطافرمائے اورآپکے نقوش راہ پہ چلتے ہوئے ملت اسلامیہ و دین اسلام اور ملک وملت کی خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔

ای پیپر دی نیشن