نوازشریف ہمیشہ فوج کے کندھوں پر سوار ہوکر اقتدار میں آئے: کامل علی آغا

Nov 13, 2020

لاہور(نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو جدید تقاضوں کے مطابق آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان کا یہ خوبصورت علاقہ کسی نعمت سے کم نہیں۔ (ق)  لیگ نے کبھی جھوٹے وعدے نہیں کئے ہم نے ہمیشہ بغیر وعدوں کے عوام کی خدمت کی ہے، دوسری جماعتوں نے دس سال حکومتوں میں رہنے کے باوجود کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی اور جب اقتدار ختم ہوا تو عوام کے سامنے مظلوم بن کر آ گئے ہیں۔ وہ گلگت بلتستان کے حلقہ جی بی 3 میں (ق)  لیگی امیدوار کیپٹن (ر) شفیع کے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔ کامل علی آغا نے کہا کہ نوازشریف ہمیشہ فوج کے کندھوں پر سوار ہو کر آئے لیکن آج اسی فوج کو برا بھلا کہہ رہے ہیں۔  گلگت بلتستان کو پی پی پی اور ن لیگ عبوری صوبہ کا درجہ دینے کی باتیں کر رہی ہیں جبکہ پرویزمشرف کے دور میں چودھری شجاعت حسین نے گلگت بلتستان کو قانون ساز اسمبلی کا درجہ دینے کے ساتھ ساتھ گورننس لاز میں تبدیلی کا اختیار بھی دے دیا تھا۔ یہ اب کون سا عبوری صوبہ بنانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ اس صوبے کو وہی اختیارات ملیں جو دوسرے صوبوں کو حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا منصوبہ غذر سے ڈیول کیرج وے کے ذریعے روس کی نو آزاد ریاستوں سے ملانے کا تھا تاکہ تجارت شروع ہو، اس پر کام شروع تھا لیکن حکومت ختم ہونے پر یہ منصوبہ جہاں ہم چھوڑ کر گئے تھے وہیں پر ہے اور اربوں روپے کی رقم نہ جانے کون ہڑپ کر گیا۔ اس مو قع پر مسلم لیگی امیدوار کیپٹن (ر) شفیع اور گلگت کے جنرل سیکرٹری آصف قریشی نے بھی خطاب کیا۔

مزیدخبریں