حیدر آباد چیمبر میں ہینڈی کرافٹس ایسو سی ایشن کے اشتراک سے سیمینار

حیدرآباد (نامہ نگار) ہینڈی کرافٹس ایسو سی ایشن پاکستان کی صدر حلیمہ عثمان نے حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری اور اسمال اینڈ میڈیم انٹر پرائز اتھا رٹی کے اشتراک سے ’’ایس ۔ ایم ۔ ایز ۔اکنامک گروتھ پوسٹ کویڈ 19سیناریو‘‘ کے عنوان پر منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد دستکاری کا حب ہے ، کویڈ 19میں خواتین گھروں میں دستکاری کر رہی ہیں ، مقامی مارکیٹ اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی نہ ہونے کی وجہ سے ہنر مند مفلسی کی زندگی بسر کر رہے ہیں ، حلیمہ عثمان نے کہا کہ تعلیم یافتہ خواتین کمپیوٹر کی مدد سے آن لائن بزنس شروع کریں ، مائیکرو فنانس بینک ہنر مندوں کو آسان قرضہ جات کی سہولیات فراہم کریں تو ہنر مند با آسانی اپنی مصنوعات فروخت کر سکتے ہیں ، حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس سلسلے میں مدد کر ے ، ہم پنجاب کا بھی دورہ کریں گے ، ہمارا مقصد پاکستان کے صوبوں کی ثقافت کو بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانا ہے ۔ حیدرآباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر محمد وسیم جی نے کہا کہ ’’ایس ۔ ایم ۔ ایز ۔اکنامک گروتھ پوسٹ کویڈ 19سیناریو‘‘ کے عنوان پر ورکشاپ تاجران اور ہنر مندوں کو جدید ٹیکنالوجی سے آن لائن بزنس کی ترغیب دیتا ہے۔
 ، یونیورسٹی اور انڈسٹری کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے تاکہ پیداوار اور کوالٹی پر ریسرچ کر کے مصنوعات کو انٹرنیشنل معیار کے مطابق تیار کیا جائے ، کویڈ 19میں سپلائی چین متاثر ہوئی ہے ، ایس ۔ ایم ۔ ایز ۔ اپنے کاروبار کو آن لائن پر شفٹ کر لیں ، ادارے کو برانڈ کے طو رپر لے کر چلیں، حکومت کاروباری خواتین کے مسائل پر توجہ دے رہی ہیں ، حکومت کی پالیسی سے استفادہ کرنا چاہئے ۔ حیدرآباد چیمبر کے نائب صدر محمد اسمٰعیل شیخ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت بین الاقوامی مارکیٹ میں بے حد مقبول ہے ، ثقافتی دستکا ری سے وابستہ ہنر مندوں اور تاجران کے کاروبار کے فروغ میں تعاون کریں گے ۔ ریجنل بزنس کو رآڈینیٹر سمیڈا فرقان مظہر نے شرکاء سے گفتگو میں کہا کہ سمیڈا تاجروں کو جدید ٹیکنالوجی کے آن لائن بزنس میں بھی رہنمائی کر رہا ہے ، اس قسم کے ورکشاپ کا مقصد چھو ٹے کاروبار کو فروغ دینا ہے ۔ ورکشاپ میں یوسف میمن ، شوکت علی سومرو ، محمد اسلم نربان ، احسن ناغڑ ، جاوید اقبال ، یوسف دادا ، عدیم ، اختیاراحمدآرائیں و دیگر موجود تھے ۔ 

ای پیپر دی نیشن