کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کراچی کنگز کے باصلاحیت کھلاڑی بابراعظم کا کہنا ہے کہ ڈین جونز کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے، ان کے ساتھ گزرے لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے۔نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ ڈین جونز مجھے کہتے تھے خود پر یقین رکھتے ہوئے جدید کرکٹ کھیلو، انہیں کبھی غصے میں نہیں دیکھا، آج ان کی بہت کمی محسوس ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کچھ کھلاڑیوں کے علاوہ کراچی کنگز کا اسکواڈ وہی پرانا ہے، ملتان سلطانز کے پاس شاہد آفریدی اور عمران طاہر جیسے بولر ہیں، مخالف ٹیموں کی قوت دیکھتے ہوئے پلان تشکیل دینا ہے۔پوچھے گئے سوال پر بابراعظم نے بتایا کہ مسلسل کرکٹ کھیلنے کے باوجود تھکا نہیں ہوں، ابھی میری عمر ہی کیا ہوئی ہے جو تھک جاں، نوجوانوں میں عمر خان بہت اچھا ٹیلنٹ ثابت ہوئے ہیں۔خصوصی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ جتنا حوصلہ بڑھایا جائے گا نوجوان کھلاڑی اتنا اچھا کھیل پیش کریں گے، خالی اسٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کی کمی محسوس ہوگی، شائقین سے درخواست یہی ہے کہ کراچی کنگز کے لیے دعا کریں۔