میپکو کے لیزر پرنٹرز کی مرمت پر ماہانہ لاکھوں روپے خرچ کرنیکا انکشاف 

Nov 13, 2020

ملتان(محسن ریاض سے) ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کی جانب سے ہیوی ڈیوٹی لیزر پرنٹرز کی خریداری کا معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا سال گزرجانے کے باوجود نئے پرنٹرز کی خریداری کا معاملہ التواء کا شکار ہے۔ تفصیل کے مطابق ملک کی سب سے بڑی بجلی کی تقسیم کار کمپنی میپکو کے شعبہ پروکپورمنٹ اور آئی ٹی کی مبینہ غفلت کے باعث ہیوی ڈیوٹی لیزر پرنٹرز کی خریداری کا معاملہ لٹک گیا ہے سال گزر جانے کے بعد بجلی نیا ٹینڈر جاری نہ ہو سکا ہے۔ 2019 میں ہیوی ڈیوٹی لیزر پرنٹرز کی خریداری کے لئے ٹینڈر جاری کیا گیا تھا جس کو حاصل کرنے والی کمپنی نے سب سے کم رقم آفر کی تھی اس کے باوجود فنانشل سٹیج پر قواعد کے برعکس ٹینڈر سکریپ کردیا گیا اور لیزر پرنٹرز کی خریداری کا معاملہ التواء کا شکار ہو گیا اس مبینہ غفلت کے باعث میپکو کے 60 لاکھ سے زائد صارفین کو ماہانہ بلنگ کا عمل متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ نیا ٹینڈر جاری کرنے کی بجائے پرانے اور بوسیدہ پرنٹرز پر لاکھوں روپے ماہانہ خرچ کر کے کام چلایا جا رہا ہے۔ ٹینڈر کینسل کرنے پر مذکورہ کمپنی نے اعلیٰ حکام کو شکایت بھی کردی ہے کہ قواعد کے خلاف ٹینڈر سکریپ کیا گیا جس کے بعد معاملہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی میٹنگ میں اٹھایا گیا تو بی او ڈی نے معاملے کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے اس حوالے سے جب میپکو شعبہ آئی ٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر مینٹیننس عدنان اقبال سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ سکریپ کئے گئے ٹینڈر میں ڈیمانڈ کئے گئے لیزر پرنٹرز سے اچھے اور ہیوی ڈیوٹی پرنٹرز درکار تھے جس کی وجہ سے قواعد کے مطابق ٹینڈر سکریپ کر کے متعلقہ کمپنی کو آگاہ کیا گیا۔ 

مزیدخبریں