سیرت النبیؐ کو اپناکرترقی کی طرف قدم بڑھاناہوگا:ڈاکٹرمنصورکنڈی

ملتان (نمائندہ نوائے وقت) سیرت النبی ؐکے عملی پہلوئو ں کو ترک کرنے کی وجہ سے ہم  تنزلی کا شکار ہیں۔ لہذا ہمیں سیرت النبی ؐ سے سچائی کے سبق کو زندگی کا حصہ بناکر ترقی یافتہ معاشرہ کی طرف قدم بڑھانا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منصو راکبر کنڈی نے شعبہ علوم اسلامیہ بہاء الدین زکریایونیورسٹی ملتان کے سیمینار ہال میں منعقدہ سیرت النبی ؐ کانفرنس بعنوان ’’سیرت النبیؐ کی روشنی میں اسلامی معاشرہ کی تعمیر و ترقی میں نسل نو کا کردار ‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وائس چانسلرنے کہاکہ دشمن بھی جس ہستی کو صادق کہتے تھے اس سے محبت کا تقاضا ہے کہ پاکستانی سچ بولنے سے نہ گھبرائیں آج دنیا ان کے حسن اخلاق اور تدبر کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ڈین فیکلٹی آف علوم اسلامیہ و لسانیات پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالرحیم نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اسلامی معاشرہ کی اہم ترین ضرورت محبت ہے۔ فروغ محبت کے لیے سلام کرنے کے طریقے کو اپنایا جائے۔پروفیسر ڈاکٹر طاہر مصطفے یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دانش ور کو ماضی پر گہری نگاہ رکھتے ہوئے حال کا تجزیہ کرکے مستقبل کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہوگا ۔ چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب نے اپنے خطاب میںقرآن حکیم کے نسخہ کیمیاء پر عمل کرنے کولازم قرار دیا۔ڈائریکٹر سیرت چیئر ڈاکٹر محمد ادریس لودھی نے تزکیہ نفس ، تربیت اور عمل کو اختیار کرنے پر زور دیا ۔ کانفرنس کے اختتام پر نمایاں پوزیشن لینے والوں کو نقد انعامات اور سیرت کے عنوان سے کتب پیش کی گئیں

ای پیپر دی نیشن