اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کویت کے سرکاری دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران امیر البحر نے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل صالح الفوجیری، نیشنل گارڈ کے انڈر سیکرٹری لیفٹیننٹ جنرل ہاشم عبدالرزاق الرفاعی، چیف آف جنرل سٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد صالح الصباح اور کمانڈر کویتی بحریہ بریگیڈیئر جنرل ہذا العلاتی سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ صباح الاحمد نیول بیس آمد پر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے امیر البحر کا استقبال کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنرل ڈائریکٹوریٹ آف کوسٹ گارڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل صالح الفوجیری سے ملاقات کے دوران خطے کی بحری سکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امیر البحر نے خطے کی بحری سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں اور متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی۔ میزبان حکام نے خطے کی مشترکہ بحری سکیورٹی کے لیے پاک بحریہ کے اقدامات اور مضبوط بحری روابط کی اہمیت کو سراہا۔ قبل ازیں، نیشنل جنرل ہیڈکوارٹرز میں نیشنل گارڈ کے انڈر سیکرٹری اور آرمی جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں کویتی فوج کے چیف آف جنرل سٹاف سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ دونوں میزبانوں نے مختلف النوع جہتوں میں مضبوط دوطرفہ دفاعی تعاون کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے دفاعی میدان میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ بعدازاں محمد الاحمد نیول بیس کے دورے کے دوران چیف آف دی نیول سٹاف نے کویتی بحریہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل ہذا العلاتی سے ملاقات کی۔
نیول چیف امجد نیازی کا دورہ کویت‘ دوطرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال
Nov 13, 2021