ملتان (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ہو یا مسئلہ فلسطین‘ دنیا بھر میں عوام کی آواز بن کر پاکستان کی بھر پور ترجمانی کی اور پاکستان کا مقدمہ دنیا بھر میں بھر پور طریقے سے اجاگر کر رہا ہوں۔ ہم ملک میں امن، خوشحالی اور ترقی چاہتے ہیں۔ ملک میں امن ہوگا تو عوام خوشحال ہونگے۔ غریب عوام کو مفت علاج معالجہ کی فراہمی اور عوام کوسہولیات کی فراہمی تحریک انصاف کی حکومت کے منشور میں شامل ہے۔ وزیراعظم عمران خان کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری درخواست پر اہلیان ملتان اور بالخصوص این اے 156 کی عوام کے لئے 7ارب 83 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے کی منظوری دی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں مقامی میرج ہال میں چوک ڈبل پھاٹک تا بی سی جی چوک ساڑھے 5 کلو میٹر کارپٹڈ روڈ کی تعمیر کے سنگ بنیاد اور این اے 156 میں مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال کی عوامی بریفنگ کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیرخارجہ نے مزید کہاکہ یہ ہسپتال عالمی معیار کا ہسپتال ہوگا۔ ہسپتال کی تعمیر سے 1190 لوگوں کو روزگار ملے گا۔27 کنال پر محیط ہسپتال 200 بیڈز پر مشتمل ہے۔ ملتان کا سیوریج نظام بوسیدہ ہو چکا ہے جس کی تبدیلی کیلئے جاپان کے وزیر خارجہ سے درخواست کی جنہوں نے میری درخواست پر ملتان شہر کے سیوریج نظام کی تبدیلی کیلئے 73 ارب روپے کی گرانٹ اینڈ ایڈ کے منصوبے کی منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ چالیس ارب روپے کی لاگت سے ملتان کا سیوریج نظام تبدیل ہوگا جب کہ 33ارب روپے کی لاگت سے ملتان کے عوام کو پینے کا صاف پانی مہیا کیا جائے گا۔ شاہ محمودقریشی نے کہا کہ ملتان شہر اور ضلع کے عوام کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کیلئے سروے مکمل کر رہے ہیں، دسمبر کے اختتام پر ضلع کے ہر کنبے کو انصاف صحت سہولت کار کارڈ ملے گا۔
کشمیر،فلسطین،پاکستان کا مقدمہ دنیا میں بھرپور طریقہ سے اجاگر کیا:شاہ محمود
Nov 13, 2021