معروف آرٹسٹ صبیحہ نصرالدین کے خوبصورت فن پاروں کی نمائش شروع

کراچی (سٹی نیوز) آرٹ کام گیلری کی جانب سے کراچی میں معروف آرٹسٹ صبیحہ نصرالدین کی خوبصورت پینٹنگز کی نمائش شروع ہو گئی، برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر مائک نتھاوریاناکس Mike Nithavrianakis نے نمائش کا افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں واقع آرٹ کام گیلری میں یہ نمائش "دی پاکستان سیگا" کے نام سے منعقد کی گئی ہے جو 26 نومبر تک جاری رہے گی۔ دلکش پینٹنگز کو دیکھنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مہمان خصوصی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر مسٹر مائک نتھاوریاناکس نے کہا کہ صبیحہ نصرالدین نے خوبصورت انداز میں قدرتی خوبصورتی اور مناظر کو اپنی پینٹنگز کا موضوع بنایا ہے جو قابل تعریف ہے۔ اس موقع پر معروف آرٹسٹ صبیحہ نصرالدین کا کہنا تھا کہ آرٹ میں دلچسپی لینے والے پاکستان کے زیادہ تر بچے ملک چھوڑ کر باہر جارہے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ ملک میں آرٹ کو فروغ دیا جائے۔ آرٹ کام گیلری کے سربراہ جنید حامد و دیگر نے کہا کہ صبیحہ نصرالدین نے پاکستان کی خوبصورتی کو پینٹنگز میں اجاگر کیا ہے۔ نمائش میں خوبصورت فن پارے شہریوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے جبکہ پاکستان کے نامور آرٹسٹوں اور دیگر مہمانوں نے صبیحہ نصرالدین کے آرٹ ورک کو بے حد سراہا۔ اس موقع پر معروف آرٹسٹ جمی انجینئر، اکرم اسپال، چیئرمین ایم کے پی سہیل احمد، صدر سید کاشف علی ہاشمی، کوچیئرمین کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز ایڈمرل ریٹائرڈ خالد میر، ایم ڈی شیل پاکستان ہارون رشید، جنرل منیجر گیس مارکیٹنگ مظہرالدین، وائس پرو ووسٹ آغا خان یونیورسٹی مس انجم، ماہر تعلیم سیما جلیل، مسز بابر احمد، چیئرمین پاکستان آسٹریلیا بزنس فورم بھی شریک تھے۔

ای پیپر دی نیشن