مکرمی! عرصہ 4 سال سے ڈی جی ایل ڈی اے لاہور نے میرے ایک کنال رہائشی پلاٹ B286 ۔ پنجاب یونیورسٹی سکیم رائے ونڈ روڈ لاہور پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے کہ یہاں پر مستقبل میں ایک سڑک تعمیر ہونی ہے۔ ڈی جی صاحب کو بارہا پیشکش کی گئی کہ اگر آپ کو یہ پلاٹ چاہئے تو لے لیں اور مجھے معاوضہ ادا کر دیں یا پلاٹ چھوڑ دیں تاکہ میں اس پہ اپنا گھر بنا سکوں لیکن وہ دونوں باتوں سے انکار کر رہے ہیں۔ LDA کی انجینئرنگ برانچ نے بھی تحریری طور پر سفارش کی کہ ایک پلاٹ کو روکنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ مستقبل میں جب بھی سڑک بننی ہو گی تو اس کے لیے راستے میں آنے والے درجنوں گھر اور پلاٹ حاصل کرنا پڑیں گے۔ P&D ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے بھی اس کے لئے فنڈز مہیا کرنے سے معذوری ظاہر کی ہے کہ نہ تو فنڈز دستیاب ہیں اور نہ ہی اس سڑک کی کوئی ترجیح۔ بندہ نے وزیر اعظم پورٹل پہ درخواست دی تو ڈی جی صاحب نے انتہائی جھوٹا جواب داغ دیا کہ درخواست گزار کو کچھ ریلیف مہیا کر دیا گیا ہے۔ ان حالات میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان سے مداخلت کی اپیل کی جاتی ہے تاکہ بندہ کی داد رسی ہو سکے۔ (کرنل ریٹائرڈ غضنفر عباس غفاری ،D98 ،عسکری 5 ،گلبرگ 3، لاہور)