ہلال احمر نے کرونا ویکسین کی دو لاکھ خوارکیں حکومت کیسپرد کر دیں

Nov 13, 2021

اسلام آباد(نا مہ نگار)ہلال احمر پاکستان نے کوویڈ19مہم کے تحت، قومی توسیعی پروگرام برائے امیونائزیشن (EPI)کے ذریعے حکومت پاکستان کو سائنو فارم ویکسین کی دو لاکھ خوراکیں عطیہ کر دیں۔ ہلال احمر کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عدیل نواز نے گزشتہ روز منعقدہ ایک تقریب کے دوران نیشنل پروگرام منیجرای پی آئی ڈاکٹر اکرم شاہ کو ویکسین کی کھیپ حوالے کی۔ تقریب میں ہلال احمر پاکستان اور قومی توسیعی پروگرام برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ریڈ کراس ریڈ کریسنٹ موومنٹ کی دیرینہ اقدار اور اصولوں کے مطابق پاکستان کی عوام کے لیے اس قیمتی عطیہ کو استعمال کرنے کے لیے ہلال احمر پاکستان کو ویکسین کی کھیپ گزشتہ ہفتے ریڈ کراس سوسائٹی آف چائنہ سے موصول ہوئی تھی۔ہلال احمر روز اول سے کمیونٹی کی سطح پر صحت عامہ کے حفاظتی اقدامات پر عمل پیرا ہونے کو فروغ دے کر کورونا وائرس کے پھیلاو اور منتقلی کو کم کرنے کی ملک گیر آگاہی مہم میں مصروف ہے، اس مہم میں ویکسی نیشن پر بھر پور زور دیا جاتاہے۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کو جاری کردہ اپنے بیان میں چیئرمین ہلال احمر پاکستان ابرار الحق کا کہنا تھا کہ ہلال احمر کا کا تعاون صحت کی دیکھ بھال کے نظام کے فروغ اور عوام کو بہترین ممکنہ علاج کی فراہمی کے لئے حکومت کی مسلسل کوششوں کو تقویت بخشے گا۔ انہوں نے شاندار الفاظ میں وبائی مرض پر قابو پانے کی جاری کوششوں میں ہلال احمرچائنا کی مسلسل حمایت اور دیگر موومنٹ پارٹنرز بالخصوص آئی سی آر سی،آئی ایف آر سی اور نیشنل پارٹنرز سوسائیٹیز کے تعاون کو بھی سراہا۔ 
ابرار الحق 

مزیدخبریں