اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سعودی ولی عہد اور وزیراعظم محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی ہو گیا جبکہ دورے کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق محمد بن سلمان کا دورہ ایشیا ملتوی ہونے کے باعث پاکستان آنے کا ارادہ بھی ملتوی ہو گیا۔ سعودی وزیر اعظم انڈونیشیا کے شہر بالی جائیں گے جہاں وہ جی 20 سمٹ میں شرکت کریں گے۔ واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا 21 نومبر کو دورہ پاکستان متوقع تھا جس کی تصدیق سعودی سفارتخانے کی جانب سے بھی کی گئی تھی۔ سفارتی ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آئوٹ پیکج ملنے کی توقع تھی جبکہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع تھی۔