کراچی (نوائے وقت رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کے لیے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی بلدیاتی انتخابات کے التوا کے خلاف درخواستوں میں فریق بننے اور فوری الیکشن روکنے سے متعلق سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ ایم کیو ایم نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل قانونی پیچیدگیوں کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ ہمیں بھی فریق بناکر سنا جائے، سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق قانون سازی کے بغیر بلدیاتی ادارے بااختیار نہیں ہو سکتے۔ بلدیاتی قوانین میں ترامیم تک بلدیاتی الیکشن نہ کروائے جائیں۔ بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کے خلاف جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔ عدالت نے الیکشن کمشن اور سندھ حکومت اور آئی جی سندھ سے جواب طلب کر رکھا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ جس طرح سے ملک کے حالات ہیں نفرتیں پھیلی ہوئی ہیں، پی ٹی آئی نے افرا تفری کا ماحول پیدا کیا ہوا ہے۔ ایسے حالات میں الیکشن کیسے ہوں گے جب کہ کئی پولنگ سٹیشنز سیلاب کے سبب ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن بہتر انداز میں ہوں تاکہ آنے والا میئر کچھ کرسکے، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کی خوش فہمی ہو سکتی ہے کہ وہ پاپولر ہیں، الیکشن سے پہلے حلقہ بندیوں کی خامیوں کو دور کیا جائے، ووٹر لسٹوں کی خامیوں کو دور کیا جائے، ہم سپریم کورٹ اور الیکشن کمشن کے پاس بھی گئے ہیں، ہماری درخواستیں زیرالتوا ہیں۔
متحدہ نے کراچی، حدر آباد میں بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کیلئے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دیدی
Nov 13, 2022