نواز شریف میرے قائد ، میری طاقت، وزیراعظم ، آج وطن روانہ ہونگے 

Nov 13, 2022

لندن + اسلام آباد (عارف چودھری+ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف میرے قائد اور بڑے بھائی ہیں۔ ان کی شخصیت زندگی بھر میرے لیے طاقت کا ستون ہے۔ لندن میں ہونے والی ملاقات کے بارے میں ٹویٹ پر رد عمل میں وزیراعظم نے کہا کہ محمد نواز شریف کا پیار اور محبت میرے لیے اعتماد اور رہنمائی کا باعث ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی لندن سے پاکستان نہ آنے کی وجہ سامنے آ گئی۔ فیملی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی وطن واپسی کے لئے ائرپورٹ پر روانگی سے قبل طبیعت ناساز ہو گئی۔ وزیراعظم کو ائرپورٹ روانگی سے قبل ہلکا سا بخار محسوس ہوا۔ طبیعت ناساز ہونے پر فیملی نے وزیراعظم کو سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وزیراعظم آج رات وطن واپس روانہ ہوں گے۔ وزیراعظم شہباز شریف لندن میں موجود ہیں جہاں وہ ملکی سیاسی صورتحال اور دیگر اہم امور پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے طویل مشاورت میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز نواز شریف اور شہباز شریف کی ملاقات کے دوران اہم فیصلے کئے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف آج اتوار کی شام لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے اور پیر کی صبح واپس پہنچ جائیں گے۔ شہباز شریف کا طیارہ شام 6 بجے لندن سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گا۔

مزیدخبریں