کراچی (این این آئی) ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون اور ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت اپنے ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کے لیے پاکستان کا پہلا بائیو گیس پلانٹ لگانے جا رہی ہے،یہ تاریخی اقدام ہوگا جو نہ صرف ماحول دوست ہوگا بلکہ ٹرانسپورٹ کے لیے سستا ایندھن بھی فراہم کرے گا، سندھ ریسکیو سروس کے ہیڈ کوارٹر کا جلد افتتاح کیا جائے گا۔ریسکیو سروس 1122 کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں جدید سہولیات دستیاب ہوں گی جس سے کسی بھی ایمرجنسی صورت حال میں شہریوں کو بروقت اور فوری مدد فراہم کی جا سکے گی، یہ بات انہوں نے لانڈھی میں قائم کے ایم سی کے مذبح خانے اور زیر تعمیر سندھ ریسکیو سروس 1122 سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ہیڈ کوارٹر کے دورہ کے موقع پر کہی، اس موقع پر میونسپل کمشنر سید افضل زیدی اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے مذبح خانے میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مذبح خانے کو بتدریج ترقی دے کر جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا، بعد ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے زیر تعمیر سندھ ریسکیو سروس 1122 سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا، انہوں نے ہدایت کی کہ ریسکیو کی خدمات فراہم کرنا انتظامیہ کی بنیادی زمہ داری ہے لہذا اسے جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے، دنیا کے تمام بڑے شہروں میں سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول اور ریسکیو کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، سندھ ریسکیو سروس سینٹر کو آپ گریڈ کرنے سے کراچی کو بھی جلد ریسکیو کی بہترین خدمات حاصل ہوں گی، انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کی فلاح و بہبود کے لیے ہر سطح پر اقدامات کر رہی ہے، ہر شعبے پر توجہ دی جا رہی ہے، بہتری کا یہ عمل جاری رہے گا۔