بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، لانگ مارچ کی سکیورٹی کا جائزہ

Nov 13, 2022


لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کے اجلاس میں ہدایت کی گئی ہے کہ لانگ مارچ کے دوران شہریوں کو ٹریفک کی روانی میں کم سے کم پریشانی ہونی چاہیے۔ مارچ یا جلسے کے قریب پٹرول پمپ بند رکھے جائیں۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل اور دیگر متعلقہ افسروں نے بھی شرکت کی۔ کابینہ کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے جاری لانگ مارچ کی سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کیں۔ متعلقہ کمشنرز، آر پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز نے اجلاس کو بریفنگ دی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں لانگ مارچ کی آمد پر ٹریفک انتظامات کا خاص خیال رکھا جائے۔ اس ضمن میں ٹریفک پلان قبل از وقت تیار ہونا چاہیے۔ انہوں نے بعض مقامات پر لانگ مارچ کے عقب سے بغیر چیکنگ لوگوں کی شمولیت پر تشویش کا اظہار کیا اور اس کے تدارک کی ہدایت کی۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی راولپنڈی آمد سے پہلے تمام بڑے ہسپتالوں میں ضروری انتظامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

 اس موقع پر چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل نے ہدایت کی کہ لانگ مارچ کے لئے طے شدہ سکیورٹی ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نفری کی تعیناتی متوازن ہونی چاہیے، سستی کی کوئی گنجائش نہیں۔

مزیدخبریں