لاہور ( نیوز رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں پاکستان سوسائٹی آف نیورو سرجنز کے زیر اہتمام تین روزہ 35 ویں بین الاقوامی نیورو سرجری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں 10 سے زائد ورکشاپس اور 35 سٹالز کے علاوہ 100 سے زاید تحقیقی مقالہ جات پرھے گئے جس میں پاکستان بھر کے نیورو سرجنز نے کثیر تعداد میں شرکت کی جبکہ 20 سے زائد غیر ملکی نیورو سرجنز بھی موجود تھے۔اس موقع پر کینڈا سے پروفیسر لوزینو اور پروفیسر میری سلگر، یوکے سے پروفیسر السٹر جینکنس، جرمنی سے پروفیسر ڈینئل ہینگی اور پروفیسر سجاد، ترکی سے پروفیسر سیکجک پیکر، جبکہ یو ایس اے سے پروفیسر ظفر چوہدری اور پروفیسر علی راجا نے شرکت کی۔بین الاقوامی کانفرنس کا مقصد نیورو سرجری کی تعلیم کو پاکستان میں ا±جاگر کرنا اور زیر تربیت ڈاکٹرز کی تربیت تھا۔
وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز نے شرکاءسے خطاب میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سرجری کی فیلڈ میں سب سے اہم رول شعبہ نیورو سرجری کا ہے پاکستان بھر سے اور بیرون ملک سے نیورو سرجنز کا کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں اکھٹے ہونے کا ایک ہی مقصد ہے کہ اس شعبے کی تعلیم اور جدید طریقہ علاج کو بڑھایا جائے اور نئے تجربات پر تبادلہ خیال کیا جائے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ادارے میں اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد قابل تعریف ہے زیر تربیت ڈاکٹرز کے لئے اس طرح کی کانفرنسز بے حد فائدہ مند ثابت ہوں گی اور امید ہے کہ آپ بہت کچھ سیکھ پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے آپ نیورو سرجری میں اچھی تربیت حاصل کریں اور اپنے شعبے میں نام کمائیں۔وائس چانسلر نے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر پروفیسر شہزاد شمس کی کاوشوں کو سراہا اور مبارکباد دی۔