لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور نے کانووکیشن کے دوسرے روز ہم نصابی سرگرمیوں میں غیر معمولی کارکردگی پر 55 طلباء کو رول آف آنر جبکہ 15کو میڈلز سے نوازاگیا ہے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے ممتاز پروفیسر ڈاکٹر ظہیر الدین خان کے ہمراہ کانووکیشن کے دوسرے دن کے طلباءکو رول آف آنر سے نوازا۔ جی سی یو کے تین روزہ کانووکیشن میں 2303 طلباءکو ڈگریاں دی جا رہی ہیں جن میں کل 67 پی ایچ ڈی اور 692 ایم ایس/ ایم فل کی ڈگریاں شامل ہیں۔گزشتہ تعلیمی سال کے دوران کھیلوں میں نمایاں کامیابیوں پر پانچ طلبہ کو رول آف آنر سے بھی نوازا جائے گااپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کہا کہ جی سی یو میں 92 سے زائد سوسائٹیز اور کلب قائم ہیں جو طلباء چلاتے ہیں اور یہ سوسائٹیز ان کی قائدانہ صلاحیتوں کو بڑھانے اور ان کی تخلیقی اور تجزیاتی صلاحیتوں کو منظر عام پر لانے میں اپنا کردار ادا کرتی ہیں۔ وائس چانسلر نے کہا کہ طلباءکی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ اہم سوالات اٹھائیں، اختلاف رائے کو ذہن میں رکھیں اور صحیح دلائل کی بنیاد پر اپنی رائے قائم کریںکانووکیشن کے اختتامی سیشن میں ڈگریوں اور ایوارڈز کے علاوہ جی سی یونیورسٹی زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اپنے دس ممتاز سابق طلباءکو ان کے کیریئر کے طویل شاندار کام اور کامیابیوں پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز بھی عطا کرے گی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کی شرکت بھی متوقع ہے۔اس سال اعزاز پانے والے اولڈ روائینز میں ڈاکٹر محمد امجد ثاقب، اعتزاز احسن، ڈاکٹر عارفہ سعیدہ زہرہ، حدیقہ کیانی، ڈاکٹر ثمر مبارک مند، رمیز راجہ، پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم، شمشاد احمد، پروفیسر خورشید رضوی اور پروفیسر احمد رفیق اختر شامل ہیں