جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان منشور کے تحت الیکشن لڑیگی: لیاقت بلوچ 

Nov 13, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے پرچم، نشان اور کرپشن فری اسلامی پاکستان کے منشور کے تحت انتخابات میں حصہ لے گی، پورے ملک میں امیدواروں کو میدان میں اتارا جائے گا۔ملک میں ترقی،خوشحالی اور امن کا واحد راستہ پ±رامن اسلامی، جمہوری انقلاب ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں المرکزالاسلامی چنیوٹ بازار میں انتخابی و سیاسی امور پر مشاورتی اجلاس میں شرکت کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرمرکزی نائب امیر ڈاکٹر فرید پراچہ،صوبائی امیرجاویدقصوری، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ زبیر گوندل،ضلعی امیرپروفیسر محبوب الزماں بٹ، سیکرٹری انتخابی امور بلال قدرت بٹ، رانا سکندراعظم اور دیگر بھی موجود تھے۔


لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی رابطوں، پائیدار جمہوریت اور صاف اور شفاف الیکشن پر یقین رکھتی ہے۔ اقتدار میں آنے کے لیے دوسری جماعتوں کی طرح کسی سہارے کی ضرورت نہیں۔ سیاستدانوں کو عام آدمی کی مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا۔ ملک وقوم اس وقت تک آگے نہیں بڑھ سکتے جب تک آئین کا احترام اورسیاسی استحکام نہیں آجاتا۔ انھوں نے کہا کہ عوام بدحال ہیں کسی کو بھی ان کی پرواہ نہیں۔ مہنگائی بے روزگاری اورلاقانونیت نے حالات کو پہلے سے زیادہ خراب کر دیا ہے۔ صوبائی حکومتیں اوروفاق کے درمیان چوہے اوربلی کا کھیل جاری ہے۔ انھوں نے کہاکہ عوام کو گمراہ کیا جارہا ہے، حقیقی تبدیلی ناگزیر ہے۔ 

سیاسی انتشار،افراتفری کے خاتمے، بے یقینی کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے فوری طورپر انتخابی اصلاحات ناگزیر ہیں اور ملک و قوم کوعام انتخابات کی طرف جانا ہوگا۔ ملک وقوم کسی بھی قسم کی محاذآرائی کے نتائج کا متحمل نہیں ہو سکتے اس کے لئے ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز دانشمندانہ فیصلے کریں۔ لیاقت بلوچ نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام بنکوں سے اپیلوں کی واپسی کو یقینی بنائے، سود کے خاتمے اور غیر سودی بنکاری کے سلسلہ میں وزیر خزانہ اور گورنر سٹیٹ بنک آف پاکستان کے درمیان جو روڈمیپ طے ہوا ہے اسے قوم کے سامنے بھی لایا جائے اور حکومت وفاقی شرعی عدالت کو بھی اس سے مطمئن کرے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران جماعتیں عوام کے سامنے ایکسپوز ہو گئی ہیں، میڈیا اور سوشل میڈیا نے بھی انھیں بے نقاب کر دیا ہے۔ واضح ہو گیا ہے کہ حکمران جماعتوں کی پالیسی عوام کی خدمت نہیں بلکہ ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد نوجوانوں اور خواتین تک اسلامی نظام کا پیغام پہنچائیں، گلی محلہ تک پروگراموں کو منعقد کریں۔ہر قومی و صوبائی اسمبلی کے حلقہ میں ورکرز کنونشن منعقد کیے جائیں۔

مزیدخبریں