لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی نے ورلڈ کپ کے فائنل سے قبل فینز کیلئے فینز زون کا اہتمام کیا گیا جہاں انہیں فائنلسٹ ٹیموں کو قریب سے دیکھنے اور ان سے ملاقات کا موقع فراہم کرنا تھا۔پاکستانی شائقین نے موقع سے پورا فائدہ اٹھایا اور سینکڑوں کی تعداد میں میلبورن گراﺅنڈ میں بنائے گئے فینز زون میں پہنچ گئے، ہر طرف صرف پاکستانی فینز ہی تھے اور میدان پاکستان زندہ باد اور دل دل پاکستان سے گونج اٹھا تھا۔کسی کے ہاتھ میں پاکستانی جھنڈا تھا تو کوئی خود پاکستان کے رنگ میں رنگا ہوا تھا، فینز زون کے سامنے بنایا گیا سٹیج بھی دلکش تھا، سٹیج پر موجود گلوکارہ نے انگلش گانے گائے تو شائقین پاکستان نے انہیں دل دل پاکستان گانے کی فرمائش کی لیکن وہ مسکرا کر نیچے اتر گئیں۔اس کے بعد ورلڈ کپ کی ٹرافی اسٹیج پر لائی گئی، فینز نے دور سے ٹرافی کی تصاویر بنائیں، پاکستان فینز اتنے زیادہ تھے کہ انتظامیہ کوئی رسک لینا نہیں چاہتی تھی۔پاکستان کی ٹیم کو سٹیج پر تو لایا گیا لیکن فینز کے قریب نہیں بھیجا گیا، مجبوراً فینز نے دور سے ہی کھلاڑیوں کی تصاویر بنوائیں۔