رائے ونڈ (این این آئی) رائے ونڈ میں جاری عالمی تبلیغی اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عمر فاروق بنگلہ دیش، مولانا زبیر الحسن آف انڈیا، مولانا محمد فاروق بگلور، مولانا محمد ابراہیم دیولہ نے کہا ہے کہ پوری دنیا کا حقیقی مالک و خالق صرف ایک ہی ہے، پوری کائنات کا کنٹرول صرف اللہ کے پاس ہے۔ انبیاء کرام نے آکر یہی پیغام دیا ہے، یہ دنیا ایک دھوکہ ہے۔ زبان کا بول صحیح بولو، نفع، نقصان کا مالک اللہ ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب اللہ زمین والوں کے لیے کوئی فیصلہ کرتا ہے تو اپنے فرشتوں کو بیت اللہ میں بھیجتا ہے اور وہ اعلان کرتے ہیں، اوپر کا فیصلہ ہمارے اعمال پر آتا ہے۔ فرشتے انسان کے اعمال کا ریکارڈ لے کر اللہ کے پاس جاتے ہیں، اللہ کے ہاں انسانوں کے حالات بگڑنے کا سبب اس کے جسم سے نکلنے والے اعمال ہیں۔ اگر انسان محنت کر کے اپنے جسم کو حکم الٰہی کے مطابق کرے گا تو اس کی زندگی خوشحال ہو جائے گی۔ اللہ کے ارادے سے سب ہو جاتا ہے۔ وہ کسی کا محتاج نہیں، بگڑے حالات کو بنانا اور بنے کو بگاڑنا اس کے پاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ نے ایمان پر محنت کی، پھر قرآن پر محنت کی، قرآن پاک اللہ کا ضابطہ ہے جو نیک عمل کرے گا وہی راہ نجات پائے گا، آج کا بھولا ہوا مسلمان اسباب میں کامیابی ڈھونڈ رہا ہے ۔ کامیابی سبب میں نہیں رب سے رجوع اور توبہ کرنے میں ہے۔ اللہ تعالیٰ کے احکاما ت کو اپنی پوری زندگی میں لانا ہے، حضور اکرم ﷺ کے اسوہ حسنہ کے مطابق اس کو ڈھالنا ہے یہی کامیابی اور کامرانی کا راستہ ہے۔ اللہ کے دئیے ہوئے مال سے امت مسلمہ پر خرچ کرو، اپنے بھائی، اہل وعیال پر خرچ کرو، والدین کی فرمانبرداری کو اوڑھنا بچھونا بنا لو، کمائی اللہ کے حکم کے مطابق ہو اور خرچ بھی اس کے حکم کے مطابق ہونی چاہیے۔ اسلامی قانون میں امن، سکون اور راحت ہے، اس پر عمل پیرا ہو کر دنیا جہاں کی نجات اور خوشیاں ملیں گی۔ اللہ نے دعوت و تبلیغ کا پیغام نبی اکرم ؐ کے ذریعے پوری امت تک پہنچایا، یہ پیغام تمام زمانوں کیلئے تھا، اس پیغام کو آنے والی نسلوں تک پہنچانا اب امت محمدی ؐ کی اولین ذمہ داری ہے۔ حضور اقدس ﷺ نے قسم کھا کر فرمایا کہ تم امت مسلماں امر بالمعروف اورنہی عن المنکر کرتے رہو۔ رائے ونڈ میں جاری عالمی تبلیغی اجتماع کا دوسرا مرحلہ آج (اتوار) اختتامی دعا کے بعد اختتام پذیر ہو جائے گا۔ اختتامی دعا سے قبل مولانا محمد خورشید کارکنان کو خصوصی ہدایات دینگے جبکہ اختتامی دعا بھی مولانا محمد ابراہیم ہی کروائیں گے۔ دعا کے بعد شرکاء اپنے علاقوں کو روانہ ہو جائیں گے۔
تبلیغی اجتماع
تبلیغی اجتماع والدین کی فرمانبرداری سے دنیا جہاں کی خوشیاں ملیں گی علماء :اختتامی دعا آج
Nov 13, 2022