لاکھوں سیلاب متاثر بے سہارا، حکومت نے امداد کہیں استعمال نہیں کی: سراج الحق 

Nov 13, 2022


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں نے سیلاب زدگان کے لیے اعلان کی گئی امداد کا کہیں استعمال نہیں کیا، تین ماہ گزر گئے، لاکھوں متاثرین بے سہارا بیٹھے ہیں۔ پی ڈی ایم، پی ٹی آئی کی لڑائی میں غریب بھی کچلا گیا، متاثرین سیلاب کی بحالی بھی پس پشت ڈال دی گئی۔ حکمران جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی چھتری کے حصول کے لیے ملک اور عوام کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہیں۔ مہنگائی، غربت، بے روزگاری نے 22کروڑ عوام کی زندگی اجیرن بنا دی۔ معیشت تباہ، شرح نمو دو فیصد اور روپے کی قیمت ہر آئے روز نیچے جا رہی ہے۔ سیلاب سے تین کروڑ لوگ متاثر، دس لاکھ مکانات تباہ ہو گئے۔ حکومت نے بحالی کے لیے کوئی ایکشن پلان تشکیل نہیں دیا، ملک مشکل ترین دور سے گزر رہا ہے، حکمران مفادات کے لیے جنگ میں مصروف ہیں۔ حکمران جماعتیں گالی گلوچ کی سیاست کر رہی ہیں، ان کے پاس دلیل نہیں، عوام کو بتانے کے لیے کارکردگی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ غازی خان میں سیلاب متاثرین کو نئے تعمیر شدہ گھر دیے جانے کے موقع پر ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بستی گدووانی اور بستی وڈانی میں نئے مکانات کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا۔ حلیم احمد اور ارشد چیمہ فلاحی منصوبے کے ڈونرز تھے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی  محمد ظفر، امیر پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم، امیر ضلع انجینئر سجاد بلوچ، انچارج پروجیکٹ شیخ عثمان فاروق اور جاوید بلوچ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے لیے اربوں روپے کے پیکیجز اعلان کیے گئے جو کاغذوں کی حد تک ہی محدود رہے۔
سراج الحق

مزیدخبریں