وہاڑی (نامہ نگار) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو سید خالد محمود گیلانی کی زیر صدارت محکمہ معدنیات اور ریت کے ٹھیکیداروں سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ریت کی قیمتوں کے بارے میں جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں طے کیا گیاکہ تمام معاملات کا جائزہ لے کرکمیٹی ریت کی قیمتوں کے تعین کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے گی تاکہ عوام کو مناسب قیمت پر ریت کی دستیابی ممکن ہو سکے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید خالد محمود گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کے موقف کو جانچتے ہوئے ریت کی ٹرالی کی قیمت مقرر کی جا ئے گی ٹھیکیدار مقرر کردہ قیمت سے زائد ریت فروخت نہ کریں جو بھی ریت کی قیمتوں میں بے جا اضافہ کرے گا اس کے خلاف کاروائی کی جائے گی اور کسی کو عوام کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔اس موقع پر اے سی وہاڑی نعمان محمود، ڈی ڈی پی آر میاں نعیم عاصم، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ملک شعبان، ڈی او انڈسٹریز عابدہ حنیف، اسسٹنٹ ڈائریکٹر معدنیات منیب حسن اور دیگر افراد موجود تھے۔