کوئٹہ( این این آئی)وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے کہا کہ خواتین کی شرکت کے بغیر معاشرے میں ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔ دور جدید کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کیلئے خواتین کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ خواتین ملکی آبادی کانصف ہیںحکومت انہیں ہر شعبہ میں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہیں ۔یہ بات انہوں نے بلوچستان ریفارمز اور الفوز کلکشن کے زیراہتما م منعقدہ بیسٹ اچیومنٹ ایوارڈکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر الفوز کلکشن کی چیف فوزیہ سلیم کاسی،بلوچستان وومن بزنس فورم کی صدر فائزہ مینگل ،ممتاز قانون دان سید سلیم رضا ایڈووکیٹ اور پاکستان وومن رائٹس ایسوسی ایشن کی چیف آرگنائزر سعیدہ بانو نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیںتقریب میں مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نیگرلز کیڈٹ کالج کی پرنسپل شبانہ سلطان،جوڈیشل آفیسر شائستہ کاسی،اور دیگرمیں اپنے اپنے شعبہ میں نمایاں کاکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ایوارڈز تقسیم کئے۔