لاہور(خصوصی نامہ نگار ) جمعیت اہل حدیث پاکستان کے صدر علامہ ہشام الٰہی ظہیرنے کہا ہے کہ پاکستان کو در پیش چیلنجز سے نپٹنے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں اور اداروں کو ایک پیج پر ہونا ہوگا۔ ملک میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد سے ہی استحکام آئےگا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے 8فروری 2024ءکو عام انتخابات کا اعلان کئے جانے کے باوجود ایک بے یقینی کی صورتحال موجود ہے۔ نگران حکومت اورمتعلقہ اداروں کو چاہیے کہ وہ اس بے یقینی کی صورتحال کے خاتمے اور 8 فروری 2024 کو انتخابات کے انعقاد کوہر صورت یقینی بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جمعیت اہلحدیث لاہور کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے فلسطین، غزہ میں اسرائیلی بر بریت پر اپنی گفتگو میں کہا مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا قبلہ اول ہے جس پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں۔ فلسطین، کشمیر کا مسئلہ پوری ملت اسلامیہ کامسئلہ ہے۔ فلسطین انبیاءکرام علیہم السلام کی سر زمین ہے اس کا تحفظ امت مسلمہ پر فرض ہے۔ اوآئی سی، اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کی علمبردار تنظیمیں فلسطین کے معاملے پر خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ عالم کفر اسرائیل کی حمایت کیلئے متحد جبکہ مسلم امہ ابھی تک فلسطین کیلئے متحدنہیں ہو سکے۔