بجلی چوروں سے 46ارب ریکوری کرلی، سیکرٹری پاور، لیسکو ریجن، میٹر ریڈر، اسسٹنٹ لائن مین برطرف

کامونکی‘ اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + خبر نگار خصوصی + این این آئی) فیسکو ریجن کے چھ آپریشن سرکلز میں فیسکو ٹیموں نے دوران چیکنگ مزید22بجلی چور وں کو پکڑ لیا جو ڈائریکٹ سپلائی اور دیگر مختلف طریقوں سے بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان بجلی چوروں کو33ہزار سے زائد ڈی ٹیکشن یونٹس اور 14لاکھ 70ہزار سے زائد کے جرمانے عائدکئے گئے ہیں۔ تمام بجلی چوروں کے کنکشنز منقطع کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ فیسکو کی خصوصی ریکوری مہم ہفتہ اتوار کو چھٹی کے روز بھی جاری رہی۔ چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر بشیر احمد کی ہدایت پر فیسکو کے تمام آپریشن سرکلز کے سپرنٹنڈنگ انجینئرز کی زیر نگرانی ایکسئین اور ایس ڈی او حضرات سٹاف کے ہمراہ فیلڈ میں ڈیفالٹرز سے ریکوری میں مصروف رہے۔ فیسکو ریجن بھر کے آٹھ اضلاع میں ٹیموں نے گھر گھر جاکر بلوں کی ادائیگی کی چیکنگ کی اور رننگ ڈیفالٹرز سے 59لاکھ 93ہزار سے زائد جبکہ فیسکو کے مستقل نادہندگان سے 75لاکھ 87ہزار سے زائدکی وصولیاں کی گئیں۔ بجلی چوری میں سہولت کاری کرنے اور فرائض میں غفلت برتنے پر لیسکو کے2 اہلکاروں کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر قیادت ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف بھرپور آپریشن جاری ہے۔ بجلی چوری میں معاونت کا الزام ثابت ہونے پر منڈی عثمان والا کے میٹر ریڈر احمد شاہ کو نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ لیسکو کی ٹیمیوں معمول کی چیکنگ کر رہی تھیں کہ اس دوران ایک زرعی میٹر ٹمپر پایا گیا۔ دوران تفتیش علم ہوا کہ مذکورہ میٹر لیسکو اہلکار احمد شاہ کی جانب سے لگایا گیا ہے۔ اس بارے میں احمد شاہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا گیا جس پر احمد شاہ نے موقف اختتار کیا کہ میٹر موٹر سائیکل سے گرکر ٹمپر ہوا تھا تاہم ایم اینڈ ٹی ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ میں یہ ثابت ہوا کہ میٹر گر کر نہیں بلکہ جان بوجھ کر ٹمپر کیا گیا ہے۔ جرم ثابت ہونے پر اسسٹنٹ منیجر آپریشن منڈی عثمان والا نے میٹر ریڈر احمد شاہ کو نوکری سے برطرف کر دیا۔ دوسری جانب فرائض سے غفلت برتنے پر کھڈیاں خاص سب ڈویژن کے اسسٹنٹ لائن مین عبدالرزاق کو بھی نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔ سٹی اور واہنڈو پولیس نے ایس ڈی اوز ادریس‘ اوریا خان کی درخواستوں پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چور کرنے والے محلہ سلامت پورہ کے عمار‘ کلوکلاں کے نعیم اور تجمل کو گرفتار کر کے مقدمات درج کر لئے۔ وفاقی سیکرٹری پاور ڈویژن راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ ہم نے بجلی چوری کے خلاف اپنی مہم کا آغاز 7 ستمبرسے کیا تھا اور آج 31 اکتوبر تک کے نتائج جمع کر دیے گئے ہیں، 53 دنوں میں 46ارب روپے وصول کئے گئے ہیں۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ مہم کے آغاز کے دن، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ اعلی یا طاقتور، مقدس یا غیر مقدس کوئی نہیں کسی کو بھی نہیں بخشا جائے گا۔ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ٹویٹ میں کہا مجھے خوشی ہے پاور ڈویژن کی جانب سے بجلی چوری کیلخاف مہم کے شاندار نتائج برآمد ہو رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن