چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم ہوتا تو اسرائیل کو تسلیم کر لیتا: راجہ ریاض

لاہور (آئی این پی ) مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور سابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی راجہ ریاض نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے چیئرمین پی ٹی آئی وزیراعظم نہیں رہا، اگر ہوتا تو اس نے اسرائیل کو تسلیم کر لینا تھا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما راجہ ریاض نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی یہودی لابی کا آدمی ہے، اس نے آج اسرائیل کو تسلیم کیا ہوتا تو اسرائیل فلسطین پر جو تشدد کر رہا ہے اس کا بوجھ پاکستانیوں پر آنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے پاس دوسری جماعتوں کے لوگوں کو ایڈجسٹ کرنے کیلئے جگہ نہیں ہے، بہت لوگوں کیلئے بات کی ہے لیکن ن لیگ کے پاس ایم این ایز اور ایم پی ایز بہت زیادہ ہیں، ٹکٹ دینے میں بھی مشکلات آ رہی ہیں، مسلم لیگ ن پنجاب میں کلین سوئیپ کرے گی۔ راجہ ریاض کا مزید کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا استحکام پاکستان پنجاب میں سیٹیں نکال سکے گی لیکن حالات کا کچھ نہیں کہا جاسکتا، سیاست میں تبدیلیاں ہوتی رہتی ہیں، آئی پی پی اور مسلم لیگ ن کا اتحاد نہیں ہے، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے ورکنگ جاری ہے، مسلم لیگ ن کو پنجاب میں اتحاد کی ضرورت نہیں ہے۔

ای پیپر دی نیشن