لاہور ( خصوصی نامہ نگار)پاکستان مسلم لیگ کے چیف آرگنائزر چوہدری محمد سرور سے اوورسیز پاکستانیز اورمختلف شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ شخصیات نے ملاقات کرکے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ چوہدری محمد سرور سے سینئر صحافی سہیل وڑائچ ، اعظم کلاتھ مارکیٹ کے معروف تاجر ملک زمان نصیب سمیت مختلف ممالک میں قیام پذیر پاکستانیوں نے ملاقات کی۔ اس موقع پر مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری ندیم پہلوان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو اب اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک اور عوام کے لئے سوچنا ہو گا۔ پاکستانی معاشی طور پر انتہائی مشکلات سے دوچار ہے جبکہ عام آدمی کے لئے بھی زندگی گزارنا محال ہو گیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ بھرپور تیاری کے ساتھ انتخابی میدان میں اترے گی ، سیٹ ایڈ جسٹمنٹ اور سیاسی اتحاد کے حوالے سے وسیع تر مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نے ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا ہے اور ان شا اللہ آئندہ بھی اس پر کاربند رہیں گے۔
سیاستدانوں کو مفادات پس پشت ڈال کر ملک کےلئے سوچنا ہو گا:چوہدری سرور
Nov 13, 2023