او آئی سی اجلاس: 24 گھنٹے میں نتائج آئیں گے: طاہر اشرفی‘ اعلامیہ امت کی ترجمانی‘ عبدالخبیر آزاد

لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مشرق وسطیٰ اور بین المذاہب ہم آہنگی اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان کا آئین قرآن و سنت کے تحت ہے‘ پاکستان میں تمام مذاہب کے رہنما ملک میں امن اور محبت کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ امام کعبہ پوپ فرانس نے امن کا ہی پیغام دیا۔ اسرائیلی دہشت گردی پر اسلامی تعاون تنظیم کے اجلاس کے فیصلے کے چوبیس گھنٹوں میں نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے پریسبیٹیرین چرچ نولکھا میں پریسبیٹیرین ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے انٹر فیتھ ہارمنی ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ماڈریٹر ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، خطیب داتا دربار مولانا رمضان سیالوی، چیئرمین کل مسالک بورڈ مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا زبیر عابد، پروفیسر محمود غزنوی، پروفیسر سہیل رضا، ریورنڈ ایمونیئل کھوکھر اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ تمام مذاہب کے قائدین کو اسلام آباد میں مدعو کریں تاکہ فلسطین کے معاملے پر عملی اقدامات کےلئے لائحہ عمل بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھاکہ ملکی ترقی اس وقت نہیں ہو سکتی جب اقلیت کو تسلیم نہیں کریں گے۔ دریں اثناءچیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان /خطیب و امام بادشاہی مسجد مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے ایک بیان میں کہا کہ ریاض میں منعقد ہونے والی اسلامی سربراہی کانفرنس میں غزہ اسرائیل جنگ بندی کرنے کے حوالے سے جو اعلامیہ پیش کیا گیا ہم اس کی حمایت کرتے ہیں اور یہ اعلامیہ پوری امت مسلمہ کی ترجمانی کرتا ہے۔ فلسطین و غزہ میں اسرائیلی قتل عام کو رکوانے کی ذمہ داری سلامتی کونسل پر ہے، اسرائیل عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن