حضور نبی کریم کی شریعتِ مطہرہ پر چلنے والا رب کی رضا کو پا لیتا ہے،پیر نقیب الرحمن

Nov 13, 2023

راولپنڈی (اپنے سٹا ف رپو رٹر سے ) در بار عالیہ عید گاہ شریف راولپنڈی کے سجادہ نشین وعالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا ہے حضور نبی کریم کی شریعتِ مطہرہ پر چلنے والا ربِ کریم کی رضا کو پا لیتا ہے اور اس پر رشد و ہدایت کے تمام دروازے کھلتے چلے جاتے ہیں۔ خانقاہیں اور درگاہیں در حقیقت توحید کے مراکز ہیں جہاں آنے والی مخلوقِ خدا کو یہ تعلیم دی جاتی ہے اپنی ذات میں موجود گناہوں ، کمزوریوں ، کوتاہیوں کو دور کیا جائے ، دوسروں کا محتسب بننے کے بجائے اپنی اصلاح کی جائے ، اپنے ربِ کریم کو دلوں میں بسایا جائے اللہ تعالیٰ کی رضا کوحاصل کرنے کے لئے ہمارے پاس واحدراستہ اتباعِ رسولِ مقبول ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث ِ پاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل سے ماسٹر محمد ارشد ، قاری محمد سلیم شہزاد اور خواجہ وجاہت جمیل نے بھی خطاب کیا جبکہ دربارِ رسالت مآب میںنعت پاک کا نذرانہ حافظ محمد عامر اور محمد طاہر نے پیش کیا۔ 

مزیدخبریں