خانقاہ ڈوگراں (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) ماڈل دیہی مرکز صحت کی کروڑوں روپے سے بننے والی نئی بلڈنگ کی تعمیر میں مبینہ طور پر ناقص مٹیریل کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ پرانی اینٹیں اور ناقص میٹریل استعمال کر نے سے بلڈنگ کے گرنے کے خطرات بڑھ گئے ہیں۔ بلڈنگ کی یہ تعمیر مالی نقصان کیساتھ ساتھ جانی نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔ خانقاہ ڈوگراں ماڈل رورل ہیلتھ سنٹر کی خستہ حال بلڈنگ کی تعمیر نو کیلئے پنجاب حکومت کی طرف سے کروڑوں روپے کی فنڈنگ کی جا رہی ہے۔ مگر محکمہ بلڈنگ، سب انجینئر اور ٹھیکیدار کی مبینہ ملی بھگت سے رورل ہسپتال کی بلڈنگ کو بنیادوں سے تعمیر شروع کرنے کی بجائے چند فٹ دیواریں گرا کر دوبارہ انہیں دیواروں کو پرانی اینٹوں سے تعمیر کیا جا رہاہے۔ شہریوں نے ارباب اختیار سے فوری میگا کرپشن کا نوٹس لینے اور جدید تقاضوں کے مطابق ماڈل رورل ہیلتھ سنٹر کی تعمیر کا مطالبہ کیا ہے۔