بھارت نہ بھی کھیلے ہماری کرکٹ کو کچھ نہیں ہوگا: سابق کرکٹرز

Nov 13, 2024

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق پاکستانی وبھارتی کرکٹرز نے آئی سی سی چیمپئینز ٹرافی کے سلسلے میں بھارت کی جانب سے سیاسی کھیل پر اظہارافسوس کیا ہے ۔لیجنڈری کرکٹر جاوید میانداد نے کہا کہ بھارتی ٹیم کیخلاف نہیں کھیلیں تب بھی ہماری کرکٹ کو کچھ نہیں ہوگا، بلکہ یہ مزید پھلے پھولے گی، یہ بات ماضی میں بھی ثابت ہوچکی۔ میں دیکھوں گا کہ جب پاکستان اور بھارت کے میچز ہی نہیں ہوں گے تو آئی سی سی کمائی کیسے کریگی۔ سابق کپتان انضمام الحق نے کہا کہ وہ ایک بڑے موقع پر کرکٹ کو تباہ کررہے ہیں، بھارتی ٹیم کو پاکستان میں کوئی بھی خطرہ نہیں، حقیقت تو یہ ہے کہ اگر بھارتی ٹیم دورہ کرے تو اس کو بہترین میزبانی سے لطف اندوز ہونے کا موقع ملے گا۔ سابق کپتان راشد لطیف نے کہا کہ بس بہت ہوگیا، جب ساری ٹیمیں بغیر کسی مسئلے کے پاکستان میں کھیل رہی ہیں تو انھیں کیا مسئلہ ہے، یہ بھارت کا مکمل طور پر ایک سیاسی فیصلہ ہے جو کرکٹ سمیت کسی بھی کھیل میں قابل قبول نہیں ہونا چاہیے۔ سابق کرکٹر باسط علی نے کہا کہ آئی سی سی پاکستان بھارت میچ کے بغیر چیمپئینز ٹرافی منعقدکرکے دکھائے، ہر ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کو ایک ہی پول میں رکھا جاتا ہے، آئی سی سی اور براڈ کاسٹرز دونوں جانتے ہیں کہ اس میچ سے دولت حاصل ہوتی ہے۔ آپ کو چاہے ہائبرڈ ماڈل اپنائیں مگر پاکستان کو اپنے میچز ملک سے باہر نہیں کھیلنے چاہئیں، بھارت سے کہا جائے کہ وہ پاکستان آکر گرین شرٹس کا مقابلہ کرے یا پھر 2 پوائنٹس پاکستان کو دیئے جائیں۔ بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے کہا کہ اگر بھارتی ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرتی تو اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، پاکستان بھی مستقبل میں اس کیخلاف کھیلنے سے انکار کرسکتا ہے۔

مزیدخبریں