پہلا ٹی ٹونٹی پاکستان آسٹریلیا مدمقابل، قومی کرکٹرز کے برسبین میں ڈیرے، وائٹ واش کرینگے: محمد رضوان

 لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی سکواڈ نے ٹی 20 سیریز کیلئے برسبین میں ڈیرے جمالئے ہیں ۔نئے کھلاڑیوں میں عثمان خان، عمیر بن یوسف، صاحبزادہ فرحان، سفیان مقیم، عباس آفریدی اور جہانداد خان شامل ہیں۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا میچ کل 14 نومبر کو  برسبین میں کھیلا جائیگا۔میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن ایک بجے شروع ہوگا۔ جوش فلپ آسٹریلوی سکواڈ میں شامل ہوگئے، جوش فلپ کو انجری کا شکار کوپر کنولی کی جگہ سکواڈ میں شامل کیا گیا۔ قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان آسٹریلیا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے بعدٹی ٹونٹی سیریز میں بھی وائٹ واش کرنے کیلئے پر عزم ہیں۔محمد رضوان نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم  ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی آسٹریلیا کو واش آؤٹ کریں گے، پاکستان ایک ٹیم ہے جس نے آسٹریلیا کیخلاف متحد ہوکر کھیلا، جن چیزوں میں یہ ہمیں لڑا تے تھے ہم نے ان کو لڑا دیا، ٹیم سے کوئی امید نہیں کررہا تھا کہ ہم آسٹریلیا میں آسٹریلیا کو ہرائیں گے، مجھے پوری امید ہے کہ دنیا کی ٹیموں نے ہم سے سیکھا ہوگا۔آسٹریلیا سے جیت کے بعد سیکھنے کا عمل شروع ہوا ہے، ہمارے گولز اور اہداف بڑے ہونا چاہئیں، چیمپئنز ٹرافی، ورلڈکپ اور اولمپکس جیسے ٹائٹل جیتنے ہیں، کسی بھی ملک جائیں گے اور تاریخ رقم کریں گے۔22 ، 23 سال سے نہ جیتنے والی باتیں ختم کریں گے اور کرکٹ میں جیت کی نئی تاریخیں درج کریں گے، ہم سب ایک ہوکر ایک جذبے کیساتھ کھیلیں گے، پوری دنیا کو ہم ایک ساتھ نظرآنا چاہیے۔ میں سب سے فیڈبیک لیتا رہا مینجمنٹ اور کھلاڑیوں سے مشورے کرتا رہتا ہوں، ون ڈے سیریز جیتنے کی خوشیاں منائیں لیکن پاکستانی ستارے کا خیال رکھیں، خوشی میں کوئی ایسا کام نہ ہوجائے کہ ہمارا ستار ا ا ثر انداز ہو، ون ڈے سیریز میں کامیابی پر نماز شکرانہ ادا ہونا چاہیے۔ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم نے تمام شعبوں میں بہترین کھیلا پیش کیا۔ خاص کر باؤلنگ میں۔اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود نے کہا کہ پوری ٹیم نے ایک ہوکر کھیلا اور جیت کیلئے بہترین عزم دکھایا۔

ای پیپر دی نیشن