لاہور (خصوصی نامہ نگار) سکھ مذہب کے بانی بابا گور ونانک دیو جی کے 555ویں جنم دن (گرپرب پرکاش) کی تقریبات کے لیے بھارتی سکھ یاتری کل 4 1نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آئیں گے۔ جنم دن کی تقریبات کے موقع پر گورو دوارہ جنم استھان کو دلہن کی طرح سجا دیا گیا۔ ترجمان بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلز کے مطابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاء الرحمن کا کہنا ہے کہ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے اور مذہبی سیاحت کے فروغ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ متروکہ وقف املاک بورڈ کو انتظامی و سکیورٹی ادادوں کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرانئز کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کو بہترین میڈیکل، رہائشی وسفری سہولیات کے ساتھ ساتھ انہیں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ڈیوٹی پر مامور سکیورٹی عملہ اور سٹاف اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دیں گے۔ یاتریوں کی مہمان نوازی اور سکیورٹی کے لیے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 100 سکیورٹی گارڈز کو خصوصی ٹریننگ دی گئی۔ تمام گورو دوارو ں کے اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ گورو نانک دیو جی کے 555 ویں جنم دن کی مرکزی تقریب 15 نومبر کو گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی جس میں وفاقی و صوبائی افسران سمیت، پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران و دیگر سیاسی و سماجی رہنما شرکت کریں گے۔ جنم دن کی مرکزی تقریب کے بعد سکھ یاتری 16 نومبر کو گورو دوارہ سچا سودا فاروق آباد کی یاترا کرتے ہوئے گورو دوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے جہاں ایک دن قیام کریں گے۔ یاتری 18نومبر کو حسن ابدال سے کرتارپور نارووال میں گورودوارہ دربار صاحب پہنچیں گے جہاں ایک دن قیام کے دوران اپنی مذہبی رسومات ادا کریں گے۔ یاتری 20 نومبر کو براستہ گوجرانوالہ گورو دوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد کی یاترا کرنے کے بعد گورو دوارہ ڈیرہ صاحب لاہور پہنچیں گے۔ بھارتی سکھ یاتری 10 روزہ دورہ مکمل ہونے پر 23 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے واپس بھارت روانہ ہوں گے۔ننکانہ صاحب میں 15نومبر بروز جمعہ کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ تسلیم اختر رائو نے 15نومبر کو ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق بابا گورونانک کے 555ویں جنم دن کی مناسبت سے چھٹی کا اعلان کیا گیا۔بابا گرونانک کے جنم دن کی تقریبات 13سے 16نومبر تک ننکانہ صاحب میں جاری رہیں گی، تقریبات میں ملکی اور غیر ملکی ہزاروں سکھ یاتری شرکت کر رہے ہیں۔
سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک کا جنم دن‘ بھارتی یاتری کل پاکستان پہنچیں گے
Nov 13, 2024