اسلام آبا د (خبر نگار خصوصی )چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بطور پرو چانسلر/ چیئرمین بورڈ آف گورنرز بحریہ یونیورسٹی ہیڈ آفس اسلام آباد میں 52ویں (BOG) اجلاس کی صدارت کی۔ بورڈ آف گورنرز (BOG) کا اجلاس یونیورسٹی کی اہم سرگرمیوں اور ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں ایک جامع بریفنگ کے ساتھ شروع ہوا۔ ملاقات کے دوران چیف آف نیول اسٹاف نے اسلام آباد میں بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کے حالیہ افتتاح کو سراہتے ہوئے اسے ملک میں طبی تعلیم کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی انتھک کوششوں کو سراہا جنہوں نے اس کامیابی میں اہم کردار ادا کیا اور مستقبل کے ہیلتھ کیئر پروفیشنلز کی تشکیل میں معیاری تعلیم کی اہمیت پر زور دیا۔چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے انجینئرنگ اور سوشل سائنسز میں ایسے نئے پروگرام شروع کرنے پر بحریہ یونیورسٹی کی تعریف کی جو عصری تقاضوں سے کلی طور پر ہم آہنگ ہیں اور جامع تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے یونیورسٹی کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے خصوصی مسرت کا اظہار کیا کہ بحریہ یونیورسٹی مختلف النوع تعلیمی مواقع فراہم کرنے والی درسگاہ کے طور پر اپنی ساکھ کو قا ئم رکھے ہوئے ہے اور بین الاقوامی طلباء کی بڑھتی ہوئی تعداد اس امر کا ٹھوس ثبوت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحریہ یونیورسٹی نہ صرف معیاری تعلیم فراہم کرتی ہے بلکہ طلباء کو مختلف غیر نصابی سرگرمیوں، ہنر اور تحقیق کی آبیاری کے ذریعے وسیع پیمانے پر خود کو منوانے کے مواقع بھی فراہم کرتی ہے۔BoG اجلاس میں بورڈ کے ممبران بشمول ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) آصف خالق ایچ آئی (ایم)، وائس چانسلرز/سینئر ماہرین تعلیم، سینئر نیول/سول افسران اور بحریہ یونیورسٹی کی متعلقہ اعلیٰ انتظامیہ نے شرکت کی۔