لاہور (نوائے وقت رپورٹ) پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے سموگ کے خاتمے اور ماحولیاتی بہتری کیلئے پنجاب کی تاریخ کی پہلی دس سالہ جامع پالیسی بنائی ہے۔ سموگ کے خاتمے کے لئے پہلی دفعہ شارٹ ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی ہے۔ ہر سیکٹر کو اہداف دیئے ہیں اور وزیراعلی خود کارکردگی کی مانیٹرنگ کر رہی ہیں۔ ملک میں vehicle certification regime متعارف کروائی گئی ہے اور سموگ کے خاتمے کے لیے پنجاب کی انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا گیا ہے۔ سٹیشنز پر پٹرول کی کوالٹی کی چیکنگ ہو رہی ہے۔ پہلی دفعہ قوانین میں تبدیلی کر کے سموگ کے خاتمے کے لئے کام کر رہے ہیں۔ عدالت کا شکریہ کہ سابق حکومتوں کے مقابلے میں مریم نواز شریف حکومت کے اچھے کاموں کا اعتراف کیا۔ ایک ہزار سپر سیڈرز تقسیم کر دیئے، کل پانچ ہزار سپر سیڈرز تقسیم کرکے مونجی اور فصلوں کی باقیات جلانے کا مکمل خاتمہ ہوگا۔ ہمیں بھی دنیا بھر کی طرح سورج کی روشنی میں کاروبار کرنے کی عادت اپنانا ہوگی، اگر ہم سب سموگ کا خاتمہ چاہتے ہیں تو اپنے رویے اور عادتیں بدلنا ہوں گی ورنہ خاتمہ نہیں بلکہ مزید اضافہ ہو گا۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کے فیل اور پاس ہونے کا معاملہ نہیں ہے، یہ بحیثیت قوم فیل یا پاس ہونے کا مسئلہ ہے۔
سموگ خاتمے کیلئے پہلی 10 سالہ پالیسی بنائی، وزیراعلیٰ خود نگرانی کر رہی ہیں: مریم اورنگزیب
Nov 13, 2024