اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئی مستقل نشستوں کی مخالفت کر دی۔ پاکستان نے سلامتی کونسل میں مساوی اور جوابدہ اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔ پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کا مؤثر جواب دینے میں ناکام رہی ہے۔ اس کی بڑی وجہ مستقل ارکان کا فیصلہ کن اقدام پر متفق نہ ہونا ہے۔ ان خیالات کا اظہار اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جنرل اسمبلی میں سلامتی کونسل میں مساوی نمائندگی اور مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے سے متعلق مباحثے میں کیا۔ منیر اکرم نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں مؤقف اختیار کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئی مستقل نشستوں سے مسائل میں اضافہ ہو گا۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اس وقت 5 مستقل ارکان ہیں جن میں امریکہ، برطانیہ، چین، فرانس اور روس شامل ہیں جبکہ غیر مستقل ارکان کی تعداد 10 ہے۔
سلامتی کونسل عالمی امن کو خطرات کا جواب دینے میں ناکام، پاکستان: مستقل نشستوں کی مخالفت
Nov 13, 2024