بھارت سے تعلقات سدھارنا مشکل نہیں، اپوزیشن میں بیٹھی جماعت نے بدتمیزی پروان چڑھائی: نوازشریف

Nov 13, 2024

لندن (نوائے وقت رپورٹ) نواز شریف نے  بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان آکر کھیلنا چاہیے تاکہ اگر تعلقات کچھ خراب ہیں تو ان کو بہتر کیا جاسکے۔ لندن میں مریم نواز کے  ساتھ میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے ٹرمپ کی بطور امریکی صدر کامیابی کے سوال پر کہا کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات اچھے ہونے چاہئیں، ماضی میں دونوں ممالک کے تعلقات اچھے تھے مگر اب ان کے مزید بہتر ہونے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کے دوسرے ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی تعلقات اچھے ہونے چاہئیں۔ نواز شریف نے چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کی جانب سے ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے پر کہا کہ بھارتی ٹیم کو پاکستان ضرور آنا چاہیے، اگر تعلقات خراب ہیں تو انہیں بہتر کرنے کی ضرورت ہے اور لوگ بھارتی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں۔ نواز شریف نے لندن میں سابق چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر حملے سے متعلق کہا کہ یہ انتہائی بدتمیزی کا کلچر ہے جس کا پروان چڑھنا ہماری بد قسمتی ہے، اپوزیشن میں بیٹھی جماعت نے اپنے دور حکومت میں اس کلچر کو پروان چڑھایا اور اب اس کو مزید بڑھا رہے ہیں۔ چھوٹے چھوٹے لڑکوں کو اس کام پر لگا دیا ہے کہ وہ گاڑیوں کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ جاؤ لوگوں کی پگڑیاں اچھالو، اگر ان کی قسمت میں احتجاج لکھا ہے تو پھر کسی اچھے طریقے سے کرنا چاہیے۔ کوئی ایک منصوبہ بتائیں جو پی ٹی آئی نے دیا ہو۔ معیشت  کی بہتری کیلئے شہبازشریف نے بے پناہ اقدامات کئے ہیں۔ مریم نواز نے سب سے پہلے آٹے، روٹی کی قیمت کم کرنے کے اقدامات کئے۔  پاکستان امریکہ تعلقات اچھے رہے ہیں اور اچھے رہنے چاہئیں۔ بھارت کے ساتھ ماضی کے تعلقات اگر بگڑے ہیں تو انہیں سنوارنے، سدھارنے کی ضرورت ہے۔ اچھی بات ہوتی بھارتی ٹیم پاکستان آکر کھیلتی۔ امید ہے جلد ایسا وقت آئے گا۔ بھارت کے ساتھ تعلقات سنوارے  جا سکتے ہیں۔ مجھے کوئی مشکل نظر نہیں آتی۔ جنیوا سے ہم لندن پہنچے ہیں۔ الحمد للہ سب خیریت ہے۔ ہمیں کسی سے تعلقات خراب رکھ کے کیا کرنا ہے؟۔  پورا ملک دیکھنا چاہتا ہے ڈیڑھ ارب درخت، 50 لاکھ نوکریاں کہاں ہیں؟۔ 300 ڈیم کہاں ہیں۔ ہمیں تو کچھ نظر نہیں آتا۔ بدتمیزی کا کلچر انہوں نے اپنی حکومت میں بھی پروموٹ کیا اور اپوزیشن میں اس سے بھی زیادہ کیا۔ مریم نواز نے کہا کہ 7,6 سال بعد پاکستان میں اب دوبارہ ترقی آ رہی ہے۔ سموگ کا مسئلہ راتوں رات حل نہیں ہو سکتا۔ سموگ کا مسئلہ چند سال میں حل کر دیں گے۔مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو استحکام چاہئے، ملک مشکلات سے نکلتا ہوا دکھائی دے رہا معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ پاکستان سے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔ سٹاک ایکسچینج نے 96000 کراس کیا ہے۔ محمد نواز شریف کی سابقہ حکومت کے بعد اب پہلی دفعہ مہنگائی میں کمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ سات سال بعد مہنگائی نیچے کی طرف آ رہی ہے۔ ٹریٹمنٹ چل رہا ہے۔ اللہ کا شکر ہے میں ٹھیک ہوں، پنجاب میں بہت پوٹینشل ہے، ہمیں محنت کرنے والے مخلص لوگ چاہئیں۔

مزیدخبریں