سموگ سے امراض چشم بڑھ رہے ،عوام چشمہ استعمال کریں، ڈاکٹر انعام الحق

Nov 13, 2024

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے سینئر کنسلٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر انعام الحق نے کہا کہ سموگ نے ملک کے بڑے حصہ کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے جس سے آنکھوں کے مسائل بڑھ رہے ہیں۔ عوام اپنی آنکھوں کو سموگ کے منفی اثرات سے بچائیں۔انھوں نے کہا کہ دنیا کے بعض آلودہ ترین شہر پاکستان میں واقع ہیں اور اب یہ آلودگی ریکارڈ سطح پر پہنچ چکی ہے جس سے لوگ متاثر ہو رہے ہیں،انہوں نے کہا کہ سموگ میں موجودآلودگی انسانی صحت بالخصوص آنکھوں پر منفی اثر ڈالتی ہے جس سے بینائی غیر واضح، لالی، جلن، خشک آنکھیں اور خارش ہوتی ہے۔ بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کی وجہ سے زندگی مشکل ہو گئی ہے اور لوگوں کی صحت کو خطرات لاحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی سے مکمل طور پر محفوظ رہنا عملی طور پر ناممکن ہے تاہم اسکے اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوگ غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، صنعتی علاقوں میں بلا ضرورت نہ جائیں اور موٹر سائیکل چلانے سے گریز کریں۔ لوگ اپنی گاڑی کی کھڑکیاں بند رکھیں، دھوپ کے بڑے سائیز کے چشمے پہنیں اور کئی بار آنکھوں کو ٹھنڈے پانی سے دھوئیں۔

مزیدخبریں