او آئی سی اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن قدم اٹھائے: طاہر عباس

  راولپنڈی( جنرل رپورٹر)  چیئرمین الھادی دستر خواں اینڈ ویلفیئر فورم طاہر عباس اوروائس چیئرمین مرکزی علماء  کونسل پاکستان صاحب زادہ پیر سمیع اللہ حسینینے کہا کہ ریاض میں او آئی سی کے سربراہی اجلاس میں 56 اسلامی ممالک کی قیادت کو صہیونی جارحیت پر سخت ترین ایکشن اٹھانے کا اعلان کرنا چاہیے، صرف قراردادیں 2 ارب مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ نہیں کرسکتیں۔ 13 ماہ کی اسرائیل جارحیت سے 56 ہزار مسلمان شہید ہوچکے۔ وفود سے گفتگو میں رہنمائوں نے بتایا کہ علامہ اقبال نے خود مختاری اور اتحاد کا جوسبق دیا امہ مسلمہ اتفاق کی اسی طاقت سے سامراج کو نکیل ڈال سکتی ہے۔ طاہر عباس نے کہا کہ شاعر مشرق  نے بر صغیر پاک وہند کے مسلمانوں کو خواب غفلت سے بیدار کرنے میں جو کلیدی کردار ادا کیا ہے،اسے کبھی بھلایا نہیں جا سکتا۔ صاحب زادہ پیر سمیع اللہ حسینی نے کہا کہ علامہ اقبال نے یہ بھی باور کروایاکہ یہ قوم غلام ہو ہی نہیں سکتی،اس لئے تمام  مسلمان یکجا ہو کر اپنی پہچان کے لئے ظالم کے سامنے سینہ سپر ہو جائیں تو آدھے سے زیادہ مسائل تو ایسے ہی حل ہو جائیں گے۔

ای پیپر دی نیشن