پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے، پیپلز یونٹی

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)پی آئی اے پیپلز یونٹی آف پی آئی اے ایمپلائیز سی بی اے کے صدر ہدایت اللہ خان نے پی آئی اے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں جاری مشکل معاشی مسائل اور بے تحاشہ مہنگائی کی لہر کے باعث پی آئی اے ملازمین شدید ذہنی تناؤ کے شکار ہیں۔ پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں میں گزشتہ آٹھ سالوں سے کوئی اضافہ نہیں کیا گیا۔ سی بی اے یونین کی جانب سے انتظامیہ کو بارہا چارٹر آف ڈیمانڈ جمع کروادیاگیا ہے مگر اس پر انتظامیہ کی جانب سے کوئی مثبت رد عمل سامنے نہیں آیا۔ حکومت کی جانب سے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکسوں میں اضافے کے باعث پی آئی اے ملازمین کی تنخواہوں پر لاگو ٹیکسز کی وجہ سے در حقیقت تنخواہ بڑھنے کی بجائے کم ہو گئی ہے۔ہدایت اللہ خان نے چیئر مین پی آئی اے اور بورڈ اف ڈائریکٹرز کے ممبر ان سے اپیل کی ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ ناگزیر ہے۔ سی بی اے کی جانب سے انتظامیہ کو تنخواہوں میں اضافے کے لیے جمع کرائی جانے والی درخواستوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ہدایت اللہ خان نے تنخواہوں میں اضافے کی اپیل میں یونین سے وابستہ ملازمین تک محدود نہیں رکھا ہے بلکہ یونین صدر کی جانب سے تنخواہوں میں اضافہ کا مطالبہ بلا تفریق تمام ملازمین کے لیے کیا گیاہے۔

ای پیپر دی نیشن