جنوبی امریکی ملک ایکواڈور کے انٹرنیشنل فٹبالر مارکو انگولو کار حادثے میں شدید زخمی ہونے کے ایک ماہ بعد چل بسے۔رپورٹ کے مطابق 22 سالہ نوجوان فٹبالر مارکو انگولو 7 اکتوبر کو ایکواڈور کے دارالحکومت کوئٹو میں پیش آنے والے کار حادثے میں شدید زخمی ہوئے تھے۔ حادثے کے بعد مارکو ایک ماہ سے زائد عرصے تک اسپتال میں زیر علاج رہے اور جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اب ان کے کلب نے فٹبالر کی موت کی تصدیق کا اعلان کیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق فٹبالر کے انتقال کرنے سے پہلے نوجوان فٹبالر کے کئی آپریشن کیے گئے تھے، وہ ایک ہفتے سے آئی سی یو میں تھے۔ واضح رہے کہ مارکو انگولو نے نومبر 2022 میں ایکواڈور کے لیے اپنا ڈیبیو کیا تھا۔ایکواڈور کی فٹ بال ایسوسی ایشن نے مارکو انگولو کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق اس کار حادثے میں مارکو انگولو کے ایک قریبی دوست بھی جاں بحق ہوئے۔