اسلام آباد: فتنتہ الخوارج کے خارجی نورولی اور غٹ حاجی کی آڈیو لیک منظر عام پر آگئی ہے۔ذرائع کے مطابق آڈیو میں خارجی نور ولی محسود غٹ حاجی کو پاکستان میں داخل ہونے والے دہشت گردوں کو واپس نہ آنے کے لیے دباو ڈال رہا ہے۔لیک آڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ خارجی نور ولی محسود نے غٹ حاجی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجاہدین کو اطلاع کر دو کہ ہماری طرف سے واپسی کی کسی کو اجازت نہیں. ہر کوئی اپنے آپ کو تیار رکھے اور سب قربانی دینے کے لیے تیار رہیں، مجاہدین کو راستہ بدلنے کی اجازت نہیں۔خارجی نور ولی محسود نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سب ساتھ مل کر اسی راستے پر چلتے رہیں۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ لیک آڈیو واضح ثبوت ہے کہ فتنتہ الخوارج کے سرغنہ افغانستان میں چھپے بیٹھے ہیں جہاں سے وہ دہشتگردوں کو ہدایات جاری کرتے ہیں. فتنتہ الخوارج کی افغانستان میں محفوظ پناگاہیں افغان طالبان کی براہ راست مدد اور حمایت کے بغیر ممکن نہیں۔ دفاعی ماہرین کے مطابق فتنتہ الخوارج افغان سرزمین سے افغان طالبان کی مکمل حمایت سے پاکستان میں دہشتگرد حملے کرتے ہیں. یہ ثابت ہو چکا ہے کہ فتنتہ الخوارج اور افغان طالبان ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں۔ماہرین کی جانب سے کہا گیا کہ لیک آڈیو سے واضح طور پر مستقبل میں بھی افغانستان سے مزید خارجیوں کے پاکستان میں داخل ہونے کا اشارہ ملتا ہے. خارجی نور ولی افغانستان میں بیٹھ کر چھوٹے درجے کے دہشت گردوں کو نام نہاد جہاد میں جان دینے کیلئے مجبور کر رہا ہے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ خارجی نور ولی کی ہدایات ظاہر کرتی ہیں کہ حملے کرنے والے نچلے درجے کے دہشتگرد اب افغانستان میں بیٹھے آقاؤں سے تنگ آچکے ہیں. اس سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کے پاکستان کی طرف سے مؤثر انگیجمنٹ سے خوارجین کے لیے افغانستان کی زمین تنگ پڑتی جا رہی ہے۔دفاعی ماہرین نے مزید کہا کہ اگر فتنتہ الخوارج کا فتنہ صحیح معنوں میں جہاد ہے تو خارجی نور ولی جیسے سرغنہ خود آگے ہو کر سیکیورٹی فورسز کا سامنا کیوں نہیں کرتے. یہ حقیقت ہے کہ خارجی نور ولی جہاد کے نام پر اپنے پیروکاروں کو گمراہ کر کے ڈالر کما رہا ہے۔