حریت رہنما یاسین ملک جیل سے نئی دہلی رام منوہر اسپتال منتقل

Nov 13, 2024 | 18:56

ویب ڈیسک

نئی دہلی: حریت رہنما یاسین ملک کو جیل سے نئی دہلی رام منوہر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے ترجمان اور حریت رہنما کے نمائندہ خصوصی رفیق ڈار کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کو نئی دہلی کے اسپتال منتقل کیا گیا ہےاور ان کی منتقلی کی اطلاع کچھ دیر پہلے ہی ملی ہے۔رفیق ڈار کے مطابق یاسین ملک کو گزشتہ کئی روز سے طبی سہولیات میسر نہیں تھیں. انھوں نے جیل حکام کے رویے کے خلاف بھوک ہڑتال بھی کی تھی۔رفیق ڈار نے بتایا کہ حریت رہنما یاسین ملک کو عدالت نے سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا تھا تاہم بھارتی حکومت یاسین ملک کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

دوسری طرف کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ لاکھوں بھارتی فوجیوں کی موجودگی کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر اس وقت دنیا کا سب سے بڑا فوجی تعیناتی والا علاقہ بن چکا ہے۔ترجمان نے کہا علاقے میں تعینات دس لاکھ سے زائد بھارتی اہلکاروں نے نہتے کشمیریوں کی زندگی جہنم بنا دی ہے. مودی حکومت نے اگست 2019 کے بعد مقبوضہ علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر کے کشمیریوں کے تمام حقوق سلب کرلیے ہیں۔

مزیدخبریں