جان لیوا ڈینگی وائرس کےوار نےآج پنجاب میں مزید چار افراد کو ابدی نیند سلادیا ہے۔ سروسز ہسپتال لاہور میں زیرعلاج پچپن سالہ کنیز بی بی ڈینگی فیور کے باعث دم توڑ گئی۔ میو ہسپتال میں سوڈیوال کا اٹھائیس سالہ نوجوان آصف اور شاہدرہ کی رہائشی بیس سالہ نمیرہ پلیٹ لٹس کم ہونے کے باعث چل بسے ۔ ادھر حافظ آباد میں بروقت تشخیص نہ ہونےکے باعث ڈینگی فیور نےپچیس سالہ نوجوان محمد امتیاز کی جان لے لی جس کے بعد وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دو سواکیس ہوگئی ہے۔ ادھر ڈینگی بخار میں مبتلا کشمور کے بارہ سالہ بچے کو ایک ہفتہ قبل کراچی کے سول ہسپتال میں لایا گیا تھا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکا۔ ملک کے دیگر شہروں ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور شیخوپورہ میں بھی ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک پنجاب میں سولہ ہزار افراد ڈینگی کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہسپتالوں میں رش اور ادویات کی قلت کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔