لاہور (نمائندہ خصوصی) داتا دربار کے علاقہ میں گھر میں پراسرار طور پر آگ لگنے سے دو لڑکیاں جھلس کر ہلاک ہو گئیں۔ موہنی روڈ پر حافظ زبیر کے گھر کے ایک کمرے میں پراسرار طور پر آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث کمرے میں موجود 24 سالہ عائشہ عرف عاشی اور 25 سالہ یاسمین بری طرح جھلس گئیں، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کے بعد دونوں لڑکیوں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا جہاں دونوں ہی دم توڑ گئیں، ہلاک ہونے والی یاسمین گھر کے مالک حافظ زبیر کی سالی تھی جبکہ عائشہ عرف عاشی مقامی بیوٹی پارلر میں کام کرتی تھی یاسمین نے گذشتہ شب کچھ کام کروانے کے لئے عاشی کو اپنے گھر بلایا تھا جہاں وہ پراسرار آگ کی زد میں آ کر یاسمین کے ساتھ ہی ہلاک ہو گئی۔ آتشزدگی کے بعد اہلخانہ معاملات کو چھپانے کی کوشش کرتے رہے اور رات گئے تک انہوں نے پراسرار آتشزدگی کی وجہ نہیں بتائی۔ پولیس نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ آگ بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر کے دیگر حصے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے، آگ صرف ایک کمرے میں لگی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے، کمرہ اندر سے بند ہونے کے باعث دونوں لڑکیاں باہر نہ نکل سکیں۔
موہنی روڈ : گھر میں پراسرار آگ ‘2 لڑکیاں زندہ جل گئیں
Oct 13, 2012