12 اکتوبر : مسلم لیگ ن کا ملک گیر یوم سیاہ‘ زرداری‘ مشرف میں کوئی فرق نہیں: حمزہ

Oct 13, 2012

لاہور/ شیخوپورہ/ حافظ آباد(خصوصی رپورٹر/ نامہ نگاران) فوجی آمر و سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے مسلم لیگ (ن) کی جمہوری حکومت کو گرانے کے اقدام کے 13 سال مکمل ہو گئے۔ اس حوالے سے مسلم لیگ (ن) نے ملک بھر میں یوم سیاہ منایا، ریلیاں نکالی گئیں۔ اسمبلی ہال چوک میں احتجاجی کیمپ لگایا گیا جس میں ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزیروں، عہدیداران، وکلا، مزدوروں، خواتین، کسانوں اور تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر پرویز مشرف کے تصویر والے پوسٹر پر جوتا زنی کی گئی اور مشرف کے خلاف اور نوازشریف، شہبازشریف کے حق میں زبردست نعرے لگائے گئے۔ صوبائی وزیر میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن، ڈپٹی سپیکر رانا مشہود احمد خاں، چیئرمین ٹاسک فورس ڈاکٹر اسد اشرف، وزیراعلیٰ کے سپیشل اسسٹنٹ زعیم قادری، خواجہ سلمان رفیق، معاونین خصوصی فرزانہ بٹ، راحت افزا، رخسانہ کوکب، رخسانہ کوثر، مسز ملک، غزالہ نصرت بیگ، الیاس خان، شیخ شاہد اقبال، عثمان تنویر بٹ، چودھری باقر حسین، پارٹی عہدیداران خواجہ عمران نذیر ایم پی اے، شعیب خان نیازی، توصیف شاہ، خواجہ سعد فرخ، ممبران پنجاب اسمبلی آجاسم شریف، رانا اقبال خان، اعجاز خاں، حاجی اللہ رکھا، ملک سیف الملوک، چودھری شہباز، لیبر ونگ کے مشتاق شاہ، چودھری سجاد، شہزاد انور، چودھری ذوالفقار، لطیف الرحمن، پیرزادہ، تاجر ونگ کے فیصل محمود خاں، وقار صدیقی، محمد علی میاں، مسلم لیگی کارکنوں ملک محمود الحسن، اسلم ہتھوڑا، میاں رشید و دیگر نے شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے پرویز مشرف کے نوازشریف حکومت پر شب خون مارنے کا ذکر کیا تو احتجاج کرنے والوں نے مشرف کو پھانسی دو کے نعرے لگانے شروع کر دئیے۔ انہوں نے کہاکہ کارکن میدان میں نکل آئیں اور انتخابات کی تیاری کریں انشاءاللہ اگلے 12اکتوبر کو ہم اسی چوک میں خوشی منائیں گے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہاکہ پرویز مشرف کی سیاہ رات ختم ہو چکی لیکن زرداری کی کالی رات ابھی باقی ہے۔ رانا مشہود احمد خاں نے کہاکہ مشرف کو عدالت کے کٹہرے میں لانے کا قومی مطالبہ تسلیم کیا جانا چاہئے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہاکہ مشرف نے ملک کو اندھیروں میں دھکیلا اسے اس جرم کی سزا ملنی چاہئے۔ مسلم لیگ (ن) لائرز فورم کے وکلا نے خواجہ محمود احمد کی سربراہی میں لاہور ہائیکورٹ بار میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرے میں وسیم بٹ، کنور ریاض، وسیم قریشی، شبنم ناگی سمیت وکلا کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے 12اکتوبر 1999ءکے پرویز مشرف کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پرویز مشرف کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر سابق صدر پرویز مشرف کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا۔ وکلا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئین توڑنے پر پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرکے سزا دی جائے۔ کوئٹہ، اوکاڑہ، بہاولنگر، جھنگ، فیصل آباد میں بھی یوم سیاہ منایا گیا۔ تقاریب میں شرکاءبازوﺅں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ حافظ آباد میں کارکنوں نے موٹر سائیکل ریلی نکالی جو راجہ چوک سے شروع ہوکر مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے جنرل بس سٹینڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق یوم سیاہ کے موقع پر مختلف مقامات پر تقاریب منعقد کی گئیں۔ رحمان پورہ میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے ایم این اے میاں جاوید لطیف نے کہا کہ مشرف نے منتخب جمہوری حکومت پر شب خون مارکر اقتدار پر قبضہ کرکے ایٹمی پاکستان کو امریکی کالونی بنا دیا، موجودہ حکمران بھی سول ڈکٹیٹر کا روپ ہیں۔ جھگیاں میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے حاجی محمد نواز نے کہا کہ 12اکتوبر 1999ءپاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا۔ یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عارف خان، شہزاد ڈوگر، بینش قمر، اشتیاق ڈوگر و دیگر رہنماﺅں نے کہا کہ مشرف دور میں مخصوص مافیا نے سیاسی لبادہ اوڑھ کر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔
قصور (نامہ نگار) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم حکمرانوں سے ملالہ یوسف زئی پر قاتلانہ حملے کا حساب مانگتی ہے۔ زرداری حکومت نے خفیہ معاہدوں کے تحت امریکی ڈرون حملوں کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔ زرداری اور مشرف کے دور حکومت میں کوئی فرق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قصور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما شیخ وسیم، رانا حیات محمد خان، رانا محمد اسحاق، ملک رشید، شمائلہ رانا، انیس قریشی، سردار نبی احمد، نعیم انصاری، انیلہ اختر، مبشر نواز اور افضال حسین سمیت ہزاروں مسلم لیگی کارکنوں اور عوام نے شرکت کی۔ جلسے میں حمزہ شہباز شریف نے تقریر کے آغاز میں ملالہ یوسف زئی کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ جیسی بچیوں پر ظلم کرنے والوں کا نہ اسلام سے کوئی تعلق ہے اور نہ پاکستان سے۔ انہوں نے کہا کہ ظلم کے اس سلسلے کے بانی مشرف ہیں جنہوں نے ڈالروں کی خاطر قوم کے بیٹوں اور بیٹیوں کو بیچا۔ موجودہ حکمرانوں نے امریکہ سے خفیہ معاہدے کر رکھے ہیں جن کے تحت وہ امریکہ کو کہتے ہیں کہ ڈرون حملے جاری رکھو ہم اخباری بیان کے ذریعے تمہاری مذمت کر دیں گے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ 1997ء میں جب وزیراعظم نواز شریف کی حکومت تھی تو پاکستان بجلی بھارت کو برآمد کرنے کی پوزیشن میں تھا لیکن زرداری حکومت کی بداعمالیوں، کرپشن اور قومی وسائل کی لوٹ مار کی وجہ سے آج ملک بدترین لوڈشیڈنگ، بیروزگاری اور مہنگائی کا شکار ہو چکا ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ حال ہی میں جاری ہونے والے آئی آر آئی سروے کی رپورٹ نے ڈگڈی بجانے والے اور عوام کو جھوٹے خواب دکھانے والے سیاسی شعبدہ بازوں کا پول کھول دیا ہے۔ عام انتخابات سر پر پہنچ گئے ہیں عوام ایسے امیدواروں کو ووٹ دیں جو مہنگائی، بیروزگاری اور کرپشن کے نظام کے خلاف جدوجہد پر ایمان رکھتے ہوں۔ عوام کو چاہئے کہ وہ اپنے لئے بے پناہ مصائب، لوڈشیڈنگ، بے روزگاری اور کرپشن کے کانٹے بکھیرنے والے موجودہ وفاقی حکمرانوں کو ووٹ کی طاقت سے عبرت کا نشان بنا دیں۔ راﺅ مظہر حیات خان، محمد یعقوب ندیم، چودھری محمد احسن، شیخ علاﺅ الدین، شگفتہ شیخ، راحت اجمل، صفدر علی انصاری، جمیل احمدخان، ملک احمد سعید خان، ملک محمد احمد خان، ایاز احمد خان، فیض مجید قادری، حاجی محمد اکرم، حسن علی خان، میاں سعد وسیم، اسد اللہ خان، مبشر نواز چودھری، ملک خادم حسین، محمد افضال زین، ناصر محمود خان، سجاد خان، حاجی ظفربھٹی، سید یوسف علی شاہ، سردار نبی احمد، ہیبت نواز خان نیازی، انیس قریشی، ساجدہ حیات، صفیہ سعید، زرینہ قصوری، حاجی منظور احمد، حاجی جاوید اختر، صلاح دین اور دیگر مسلم لیگی کارکنوں، شہریوں، دیہاتیوں، خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزیدخبریں