اسلام آباد (بی بی سی اردو) کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ حکیم اللہ محسود نے پاکستان کے مختلف شہروں میں ذرائع ابلاغ کے ملکی اور غیرملکی اداروں کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے اپنے کارندوں کو خصوصی ہدایات جاری کیں۔ وزارت داخلہ کے ایک ذمہ دار اہلکار نے بی بی سی کو بتایا کہ خفیہ اداروں نے حکیم اللہ محسود کی ٹیلی فون پر اپنے گروپ کے ایک کارندے ندیم عباس عرف انتقامی سے بات چیت ریکارڈ کی ہے۔ جس میں ندیم عباس عرف انتقامی کو حکیم اللہ محسود نے اسلام آباد راولپنڈی، لاہور، پشاور، کراچی اور ملک کے دیگر شہروں میں ذرائع ابلاغ کے دفاتر اور ان نمائندوں کے خلاف کارروائی کرنے یا کروانے کے لئے کہا ہے جو تحریک طالبان پاکستان کو ملالہ یوسف زئی پر حملے کے بعد شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔