لندن (این این آئی) برطانوی سائیلنگ کے سربراہ ڈیو بریلسفورڈ نے کہا ہے کہ امریکی کھلاڑی لارنس آرمسٹرانگ کی وجہ سے سائیکلنگ کے کھیل پر سے اعتبار اٹھ گیا ہے۔ اب لوگ سائیکلنگ کے کھیل کے کسی بھی نتیجے کو شک کی نظر سے دیکھیں گے۔ڈیو بریلسفورڈ کے مطابق لارنس آرمسٹرانگ کی وجہ سے سائیکلنگ کے کھیل کا راستہ کھو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (یوساڈا)کی رپورٹ کے انکشاف کے بعد وہ لڑکھڑا گئے ہیں۔برطانوی سائیکلنگ کے سربراہ نے بتایا کہ یوساڈا کی رپورٹ چونکا دینے والی ہے۔ڈیو بریلسفورڈ کا کہنا ہے کہ لارنس آرمسٹرانگ وہ پہلے سائیکلسٹ ہیں جنہوں نے اس کھیل کو ایک نئے مقام تک پہنچایا اور ایک ہیرو کا درجہ حاصل کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ کارنامہ بلا شبہ تعجب انگیز ہے تاہم ان کی یہ حرکت یقینی طور پر بہت مایوس کن ہے۔41 سالہ آرمسٹرانگ پر الزام ہے کہ انہوں نے ڈوپنگ کا ایسا جدید، پیشہ ورانہ اور کامیاب طریقہ اپنایا جو اب تک کھیل کی دنیا میں دیکھنے کو نہیں ملا ہے۔
آرمسٹرانگ کی وجہ سے سائیکلنگ سے اعتبار اٹھ گیا ہے : ڈیو بریلسفورڈ
Oct 13, 2012