میانوالی (نمائندگان + نامہ نگار) قومی سیاست کے اہم کردار پارلیمانی امور کے ماہر سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، ہزاروں افراد کی آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سلطان العارفین سلطان زکریا کے مزار کے احاطے میں سپردخاک کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی کی نماز جنازہ جمعة المبارک کی صبح 10:30 بجے گورنمنٹ ہائی سکول میں ادا کی گئی جسے میانوالی کی تاریخ کا سب سے بڑا نماز جنازہ قرار دیا گیا۔ نماز جنازہ میں سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی امور تسنیم احمد قریشی، رکن صوبائی اسمبلی ثناءاللہ خان مستی خیل، علی حیدر نور خان نیازی، احمد رضا قصوری اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما انعام اللہ خان سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شیرافگن خان نیازی کی نماز جنازہ آستانہ عالیہ پپلاں شریف کے سجادہ نشین پیر احسن قیوم مظہری نے پڑھائی۔ انہیں سلطان العارفین سلطان زکریاؒ کے مزار کے احاطے میں آہوں اور سسکیوںکے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ دریں اثناءپرویز مشرف نے ان کے بیٹے سے فون پر گفتگو میں کہا کہ ڈاکٹر شیرافگن خان قومی سیاست کا ایک بہت بڑا نام تھے، وہ ایک بہادر، دلیر اور قابل شخص تھے، ان کی قومی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جائیگا۔ مجھے انتہائی دکھ ہے کہ میں اپنے بھائی کی نمازجنازہ میں شرکت نہیں کر سکا۔ دریں اثناءشیخ رشید احمد نے کہا کہ ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی ہماری قومی سیاست کا ایک بہت بڑا نام تھے، احمد رضا قصوری نے ڈاکٹر شیرافگن خان نیازی کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج قوم ایک مخلص سیاسی رہنما سے محروم ہو گئی ہے، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی تسنیم احمد قریشی نے کہا کہ ہم نے سیاست کا سفر ڈاکٹر شیرافگن خان کے ساتھ شروع کیا، ہم نے اُن سے بہت کچھ سیکھا۔ ان کی قل خوانی آج بروز ہفتہ کو سہ پہر 3 بجے گورنمنٹ ہائی س کول میں ہو گی۔
سپرد خاک
میانوالی: ڈاکٹر شیرافگن نیازی آہوں اور سسکیوں کیساتھ سپرد خاک
Oct 13, 2012